نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر برائے سماجی انصاف و تفویض اختیارات تھاور چند گہلوت نے درج فہرست ذات(ایس سی) کے طلبہ کے لئے 59 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ ‘پوسٹ میٹرک اسکالرشپ اسکیم’ کو اہم سنگ میل قرار دیا۔
بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری دشینت گوتم کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسٹر گہلوت نے منگل کے روز یہاں کہا کہ “وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں مرکزی حکومت نے ایس سی طلبہ کے لئے پوسٹ میٹرک اسکالرشپ اسکیم میں پانچ گنا اضافہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس اسکیم میں مرکز کا حصہ سالانہ صرف 12 – 13 سو کروڑ روپے تھا اور گزشتہ دو سالوں میں اوسطا یہ صرف 11 سو کروڑ روپے تھا۔ اتنی کم رقم کی وجہ سے دسویں جماعت پاس کرنے کے بعد اسکالرشپ نہ ہونے کی وجہ سے طلبہ اسکول چھوڑنے پر مجبور ہوجاتے تھے۔ کم بجٹ کی وجہ سے ریاستی حکومت کو وظائف دینے میں بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ اس صورتحال میں ریاستوں سے مشاورت کے بعد ہم نے درج فہرست ذات کے طلبہ کی اعلی تعلیم کے لئے پوسٹ میٹرک اسکالرشپ اسکیم میں ترمیم کی ہے۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ “مودی حکومت نے درج فہرست ذات کے طلبہ کی پوسٹ میٹرک اسکالرشپ اسکیم کے تحت اگلے پانچ سالوں میں 59048 کروڑ روپے کی رقم کی منظوری دے دی ہے، جو پہلے کی بہ نسبت پانچ گنا زیادہ ہے۔ اس میں مرکزی حکومت 35534 کروڑ روپے خرچ کرے گی جو کل اسکیم کا 60 فیصد ہے اور بقیہ 40 فیصد ریاستی حکومت برداشت کرے گی۔

