نئی دہلی: وزارت صحت وخاندانی فلاح وبہبود نے آج بتایا ہے کہ بہار میں کورونا انفیکشن کی روک تھام کے لئے ریاستی حکومت کی کوششیں قابل اطمینان ہیں اوروہاں کورونا ٹسٹ کرنے کی رفتار بھی اچھی ہے۔
مرکزی ہیلتھ سکریٹری راجیش بھوشن نے آج معمول کی نامہ نگاروں کی کانفرنس میں بتایا کہ بہار میں اب تک مجموعی طور سے 1,15,21,841 کورونا نمونوں کی جانچ ہوچکی ہے جن میں سے تقریبا تیرہ لاکھ آر ٹی۔ پی سی آر ٹسٹ کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ بہار میں اب تک کی گئی مجموعی کورونا جانچ میں سے تقریبا بارہ فیصد ٹسٹ آر ٹی۔پی سی آر تھے اور باقی ریپڈ اینٹی جن ٹسٹ تھے۔
مسٹر بھوشن نے بتایا کہ بہار میں بھلے ہی ریپڈ ٹسٹ کی تعداد زیادہ رہی لیکن مرکزی وزارت صحت نے اسے مشورہ دیا تھاکہ جب وہ ریپڈ اینٹیجن ٹسٹ کرے تو جن لوگوں میں علامات پائے جائیں لیکن ان کی رپورٹ منفی آئی ہے تو ان کا دوبارہ آرٹی۔پی سی آر ٹسٹ کیا جائے۔ یہ ایڈوائزری سبھی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں کو بھی دیئے گئے ہیں کیونکہ علامت والے مریضوں کے باہر گھومنے سے انفیکشن میں اضافہ ہوگا۔

