نئی دہلی:سنٹرل میڈیکل ریسرچ کونسل (آئی سی ایم آر) کے ڈائرکٹر جنرل ڈاکٹر بلرام بھارگو نے آج کہا ہے کہ دہلی۔ این سی آر علاقے میں لوگوں کی آمدورفت بڑھنے، سردی اور فضائی آلودگی اور تیوہار کے موسم کی وجہ سے دہلی میں کورونا وائرس کووڈ۔19 انفیکشن کے معاملے بڑھ رہے ہیں۔
ڈاکٹر بھارگو نے آج وزارت صحت کی معمول کی پریس بریفنگ میں کہا ہے کہ سردی کے موسم اور فضائی آلودگی میں اضافہ ہونے اور تیوہار اور شادی کے موسم میں لوگ ایک جگہ اکٹھے ہورہے ہیں جس سے کورونا انفیکشن کے معاملے میں اضافہ ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا کی کوششوں کی وجہ سے لوگ ماسک پہن کر چل رہے ہیں اور اسے زیادہ رفتار دینے کی کوشش ہے۔ لوگ بازاروں میں دو گز کی دوری کی پیروی نہیں کررہے ہیں۔ کچھ لوگ تیوہار کی وجہ سے دہلی۔این سی آر علاقے میں آمدورفت زیادہ کررہے ہیں جس سے کورونا انفیکشن کے معاملے میں اضافہ ہورہاہے۔
ڈاکٹربھارگو نے کہاہےکہ دہلی میں کورونا انفیکشن کی تیسری لہرہے۔ پہلی مرتبہ جون کے مہینے میں تیزی سے کورونا کے معاملے بڑھے تھے اور جلد ہی یہ کم ہوگئے تھے۔ انفیکشن کا دوسرا دور ستمبر میں آیا تھا اور یہ بالکل نیچے تک واپس نہیں ہوا تھا۔ ابھی دہلی میں یقینی طورسے انفیکشن کا تیسرا دور چل رہا ہے اور اس دوران پہلے اوردوسرے دور سے زیادہ کورونا کے معاملے سامنے آرہےہیں۔
