نریندر مودی نے بہار اور مشرقی ہندوستان کی ترقی کیلئے اپنے عزم کو دہرایا

0

پٹنہ : وزیراعظم نریندر مودی نے بہار میں اس سال ہونے والے اسمبلی انتخاب کے اعلان سے قبل قریب 709 کروڑ روپے کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھ کر بہار اور مشرقی ہندوستان کی ترقی کیلئے اپنے عزم کو دہراتے ہوئے کہاکہ وہ طویل عرصے سے یہ کہتے آرہے ہیں کہ جب تک اس علاقے کی ترقی نہیں ہوگی تب ہندوستان ترقی یافتہ ملک نہیں بن سکتا ہے ۔
مسٹر مودی نے درگا پور سے بانکا کے مابین 634 کروڑروپے کا پی ایل جی پائپ لائن منصوبہ ، مشرقی چمپارن کے سگولی میں 164 کروڑ روپے اور بانکا میں 14 کروڑ روپے کے ایل پی جی باٹلنگ پلانٹ کا ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ سے افتتاح کرنے کے بعد کہاکہ مشرقی ہندوستان میں نہ تو صلاحیت کی کمی ہے اور نہ ہی وسائل کی ۔ اس کے باوجود مشرقی ہندوستان اور بہار دہائیوں سے پیچھے رہ گئے ۔ لیکن ملک او رمشرقی ہندوستان اس دور سے باہر نکل گیا ہے جب ایک نسل کام شروع ہوتے اور دوسری نسل اسے پورا ہوتے دیکھتی تھی ۔
وزیراعظم نے کہاکہ ان کی حکومت بہار اور مشرقی ہندوستان کی ترقی کیلئے پابند عہد ہے ۔ وہ طویل عرصے سے کہہ رہے تھے کہ ہندوستان تب تک ترقی یافتہ ملک نہیں بن سکتا ہے جب تک کہ بہار اور ہندوستان کے مشرقی علاقوں میں ترقی کویقینی نہیں بنایاجاتا۔ انہوں نے کہاکہ کروڑوں روپے کے منصوبوں کو پورا ہونے کے بعد بہار کے ترقی کی رفتار کو تیز کرنے میں مدد ملے گی اور بڑی تعداد میں مقامی افراد کو روزگار ملے گا۔
مسٹر مودی نے کہاکہ ایل پی جی سے متعلق منصوبوں کے پورا ہونے کے بعد بہارمیں گیس پر مبنی معیشت کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ کورونا وبا کے مشکل دور میں ریاست کے لوگوں نے سخت محنت کی اور اس وجہ سے بہار میں ترقی کی رفتار مسلسل بنی رہی جو حقیقی معنوں میں قابل تعریف ہے ۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here