لکھنؤ:سی بی آئی کی اسپیشل کورٹ نے منگل کو بابری مسجد انہدام معاملے میں سبھی ملزمین کے بیان ریکارڈ کی کاروائی مکمل کرلی۔
بابری مسجد مسماری کے 32کلیدی ملزمین میں سے 31بشمول سابق نائب وزیر اعظم لال کرشن اڈوانی، سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر مرلی منوہر جوشی اور یو پی کے سابق وزیر اعلی کلیان سنگھ نے سی بی آئی کی خصوصی عدالت کے سامنے اپنےبیانات ریکارڈ کرائے۔
آج خصوصی عدالت کے جج ایس کے یادو نے 31ویں ملزم ستیش پردھان کے بیان کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ریکارڈ کیا۔تاہم ایک ملزم اوم پرکاش پانڈے فرار ہیں۔کہا جاتا ہے کہ پانڈے نے سادھو سنتوں کی شکل اختیارکرلی ہے اس وجہ سے اس کا پتہ نہیں چل سکا۔
ملزمین کے بیانات کے ریکارڈ ہونے کے بعد عدالت نے دفاعی وکیل کو 30جولائی تک کا موقع دیا ہے کہ وہ تحریری شکل میں اپنی بحث کو عدالت کے سامنے پیش کریں۔سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق خصوصی عدالت 28سالہ پرانے معاملے میں 31اگست کو اپنا فیصلہ سنا سکتی ہے۔
عدالتی کاروائی میں خصوصی کورٹ کے سامنے پیش ہونے والے سبھی کلیدی ملزمین نے اپنے بیان ریکارڈ کے دوران خود کوبے قصور بتاتے ہوئے ان پر عائد کئے گئے تمام الزامات کو سیاسی سازش کا پیشہ خیمہ قراردیا ہے۔
مسٹر اڈوانی جنہوں نے 24جولائی کو نئی دہلی سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ اپنا بیان ریکارڈ کرایا تھا ،عدالت کے سامنے انہوں نے سی بی آئی کے تمام الزامات کو مسترد کرتےہوئے دعوی کیا تھا کہ ان کے خلاف لگائے گئے تمام الزامات سیاسی وجوہات کی بنا پر ہیں۔وہ اس معاملے میں بے قصور ہیں۔
وہیں 23جولائی کو ڈاکٹر مرلی منوہر جوشی نے بھی دہلی سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ عدالت کے سامنے حاضر ہوئے تھے اور مذکورہ بالا کی طرح ہی دعوی کرتےہوئے اپنے آپ کو بے گناہ بتایا تھا۔انہوں نےکہا تھا کہ بابری مسجد کے مسماری کے وقت ہو وہاں موجود نہیں تھے اور انہیں صرف سیاسی سازش کی بنا پر پھنسایا گیا ہے۔انہوں نےبتایا کہ ان کے خلاف پیش کی گئی ویڈیو سے چھیڑ چھاڑ کی گئی۔وہ اپنی بے گناہی کا ثبوت بعد میں پیش کریں گے۔
سابق وزیراعلی کلیان سنگھ نے 13جولائی کو عدالت کے سامنے حاضر ہوتے ہوئے دعوی کیا تھا کہ انہیں اس معاملے میں اس وقت کی کانگریس حکومت نے پھنسایا ہے۔انہوں نے کہا تھا کہ ان کے خلاف عائد کئے گئے تمام الزامات بے بنیاد اور سیاسی نوعیت کے ہیں۔
مسٹر سنگھ نے عدالت کے سامنے کہا تھاوزیر اعلی کی حیثیت سے انہوں نے بابری مسجد کو بچانے کے لئے سیکورٹی کے کافی اقدامات کئے تھےاور وقتا فوقتا انہوں نے بابری مسجد کے ارد گرد کی سیکورٹی کو مزید سخت کرنے کے احکامات دئیے تھے۔تمام ملزمین کے بیانات سی آر پی سی کی دفعہ 313 کے تحت سی بی آئی کی خصوصی عدالت میں جسٹس ایس کے یادو کے سامنے ریکارڈ کئے گئے۔

