نئی دہلی: سپریم کورٹ نے پیر کے روز پی ایم کیئرس فنڈ کی قانونی حیثیت کو چیلنج کرنے اور اس میں جمع ہونے والی رقم نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فنڈ (این ڈی آر ایف) میں جمع کرانے کی ہدایت دینے سے متعلق درخواست پر اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیا۔
جسٹس اشوک بھوشن کی سربراہی میں ڈویژن بنچ نے غیر سرکاری تنظیم سینٹر فار پبلک انٹرسٹ لیگیشن (سی پی آئی ایل) کی عرضی پر تمام متعلقہ فریقوں کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ رکھ لیا۔عدالت عظمی نے درخواست گزار کو تین دنوں میں اپنا تحریری موقف پیش کرنے کی ہدایت دی۔ اس کے بعد عدالت اپنا فیصلہ سنائے گی۔
سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے مرکزی حکومت کی طرف سے کہا کہ پی ایم کیئرس فنڈ ایک رضاکارانہ فنڈ ہے، جبکہ این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کے فنڈ بجٹ الاٹمنٹ کے دائرے میں آتے ہیں۔سی پی آئی ایل کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر ایڈوکیٹ دشینت دوے نے کہا کہ “ہم کسی پر سوال نہیں اٹھا رہے ہیں، لیکن پی ایم کیئرس فنڈ کی تشکیل نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ کے التزامات کی منافی ہے”۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی آر ایف کا آڈٹ کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل (سی اے جی) کے ذریعہ کیا جاتا ہے، لیکن حکومت کہہ رہی ہے کہ پی ایم کیئرس فنڈ کا آڈٹ پرائیویٹ آڈیٹر کے ذریعہ کیا جائے گا۔ معاملے سماعت مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ رکھ لیا۔معروف وکیل پرشانت بھوشن کی جانب سے سی پی آئی ایل کے لئے دائر عرضی میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم کیئرس فنڈ میں شفافیت نہیں ہے۔ یہ ایک ذاتی ادارہ کی طرح کام کر رہا ہے، جس کا آڈٹ سی اے جی کے ذریعہ نہيں ہوسکتاہے اور اس کے بارے میں معلومات کو عام نہیں کیا جاسکتا ہے۔ آفات سے نمٹنے کے لئے حکومت کے پاس پہلے سے ہی ایک ادارہ این ڈی آر ایف کی شکل میں موجود ہے۔ اس لیے پی ایم کیئرس فنڈ کی رقم اس میں منتقل کی جانی چاہئے۔واضح رہے کہ اس سال مارچ میں وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک ٹویٹ کے ذریعے یہ اعلان کیا تھا کہ کووڈ 19 جیسی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے وزیر اعظم کا شہری امداد اور ایمرجنسی ریلیف فنڈ (پی ایم۔ کیئرس فنڈ) قائم کیا جارہا ہے اور لوگوں سے اس میں چندہ دینے کی اپیل کی تھی۔

