نئی دہلی:ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو کامیابی کی نئی بلندیوں پر پہنچانے والے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز مہندر سنگھ دھونی منگل کو 39 سال کے ہوگئے لیکن انہوں نے اپنی ریٹائرمنٹ کے بارے میں ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں لیا ہے۔گذشتہ سال انگلینڈ میں منعقدہ ون ڈے ورلڈ کپ میں ہندوستان کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف سنسنی خیز شکست کے بعد سے دھونی کرکٹ کے میدان سے باہر ہیں۔ ان سے توقع کی جارہی تھی کہ وہ 29 مارچ سے شروع ہونے والے آئی پی ایل کے 13 ویں سیزن سے میدان میں واپسی کریں گے لیکن کورونا کی وجہ سے آئی پی ایل غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا ہے۔ماہی کے نام سے مشہور دھونی نے اپنی ٹیم چنئی سپر کنگز کے ساتھ بھی آئی پی ایل کی تیاریوں کا آغاز کردیا تھا لیکن پہلے لاک ڈاؤن کی وجہ سے چنئی نے اپنا کیمپ بند کردیا اور ماہی اپنے آبائی شہر رانچی واپس آگئے۔ دھونی کی ریٹائرمنٹ کی بڑے پیمانے پر قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کیونکہ آئی پی ایل کو غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا گیا ہے لیکن دھونی نے اس معاملے پر خاموشی برقرار رکھی ہے۔دھونی مستقبل قریب میں کسی بھی وقت انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرسکتے ہیں لیکن وہ ابھی مزید دو تین سال آئی پی ایل کھیلنا جاری رکھ سکتے ہیں۔ ہندوستان اور دنیا کے متعدد لیجنڈ کھلاڑیوں نے دھونی کی ریٹائرمنٹ پر کہا ہے کہ دھونی کو یہ فیصلہ کرنے پر چھوڑ دیا جانا چاہئے کہ وہ کب ریٹائر ہوں گے۔دھونی جنہوں نے 23 سال کی عمر میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے لئے ڈیبیو کیا وہ دنیا کے واحد کپتان ہیں جو تینوں ہی آئی سی سی ورلڈ چمپئن شپ جیت چکے ہیں۔
دھونی 7 جولائی 1981 کو جھارکھنڈ (اس وقت بہار) کے شہر رانچی میں پیدا ہوئے تھے ، کھلاڑیوں کے ذہن کو پڑھنے اور اسے کرکٹ کے کھیل میں استعمال کرنے کی انوکھی طاقت رکھتے ہیں۔ دھونی جھارکھنڈ کے پہلے کھلاڑی ہیں جنہوں نے ٹیم انڈیا میں جگہ بنائی ہے۔ ایک نچلے متوسط طبقے کے گھرانے میں پیدا ہوئے دھونی کرکٹ کے بجائے فٹ بال کھیلنا پسند کرتے تھے۔ فٹ بال ٹیم میں دھونی کو گول کیپر کی حیثیت سے کھیلتا دیکھ کر اس وقت ان کے کوچ نے انہیں بطور وکٹ کیپر کرکٹ میں کھیلنے کا مشورہ دیا۔ ماہی کا کھیل یہاں سے بدل گیا۔بہار کے لئے رنجی کھیلنے کے بعد انہیں ریلوے کے لئے بھی کھیلنے کا موقع ملا۔ ریلوے نے ان کے شاندار کھیل کے پیش نظر انہیں نوکری کی پیش کش کی۔ دھونی نے کنبہ کی ذمہ داریوں کو نبھانے کے لئے بنگال کے کھڑگ پور ریلوے اسٹیشن پر ٹکٹ کلکٹر کی نوکری قبول کرلی۔ لیکن دھونی کے مقدر پر ‘کنگ آف کرکٹ’ لکھا تھا بالآخر ایک دن وہ ملازمت چھوڑ کر کھیل کے میدان میں واپس آگئے۔ دھونی کا یہ فیصلہ ان کی زندگی کا سب سے بڑا موڑ ثابت ہوا۔
اس کے بعد زمبابوے اور کینیا کے دورے پر دھونی کو انڈیا اے ٹیم میں پہلی بار جگہ ملی۔ دھونی نے اس موقع سے بھر پور فائدہ اٹھایا اور سات میچوں میں 362 رنز بنائے۔ اس عرصے کے دوران دھونی نے سات کیچ بھی لئے اور وکٹ کیپنگ میں چار اسٹمپنگ بھی کیں ۔ اس وقت ٹیم انڈیا ایک ایسے وکٹ کیپر کی تلاش میں تھی جو نچلے آرڈر پر بھی بیٹنگ کر سکے۔ دھونی کی کارکردگی نے اس وقت کے کپتان سورو گنگولی کو راغب کیا اور اس طرح سال 2004 میں دھونی کو بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کا موقع ملا۔
بنگلہ دیش کے خلاف اپنا پہلا بین الاقوامی میچ کھیلنے والے دھونی ابتدائی میچوں میں کچھ خاص نہیں کرسکے۔ لیکن ٹیم انتظامیہ نے ان پر اعتماد ظاہر کیا اور انہیں پاکستان کے خلاف اگلی سیریز میں ایک بار پھر موقع فراہم کیا۔ انہوں نے وشاکھاپٹنم میں پاکستان کے خلاف کھیلے جانے والے اپنے کیریئر کے پانچویں میچ میں 123 گیندوں پر 148 کی دھماکہ خیز اننگز کھیلی اور اس اننگز نے دھونی کے کیریئر کو ایک ہی جھٹکے میں آسمان پر پہنچادیا۔ انہی دنوں میں دھونی کی بیٹنگ اور ان کے لمبے بال بھی ملک و دنیا میں زیر بحث رہے۔ اس وقت ان کے بالوں کے پرستار اس وقت کے صدر پاکستان پرویز مشرف بھی تھے۔ انہوں نے ایک اعزازی تقریب میں دھونی کے بالوں پر کھل کر بات کی۔تین سال میں ہی دھونی کو ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میچوں کا کپتان مقرر کردیا گیا۔ انہوں نے اپنی کپتانی میں 2007 میں جنوبی افریقہ میں ٹی 20 ورلڈ کپ ٹورنامنٹ جیتا تھا اور اپنی صلاحیت کا ثبوت دیا تھا۔ اس کے بعد 2008 میں دھونی کو ٹیسٹ کپتانی سونپی گئی۔ اس کے بعد ان کی کپتانی میں ٹیم نے آسٹریلیا ، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف سیریز جیت لی اور دسمبر 2009 میں ہندوستان پہلی بار ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں نمبر 1 کی درجہ بندی پرپہنچا۔
اس کے بعد 2011 کے ورلڈ کپ کے فائنل میں انہوں نے 28 رنز کے بعد ناقابل شکست 91 رنز کی تاریخی اننگز کھیل کر ورلڈ کپ کا اعزاز حاصل کیا۔ فائنل میں دھونی کے تاریخی چھکے کی تعریف نہ صرف ان کے شائقین بلکہ کئی کرکٹ سابق کھلاڑیوں نے بھی کی۔ ان کی تعریف میں ہندوستانی کرکٹ کے لیجنڈ سنیل گواسکر نے کہا تھا کہ”میں اپنے مرنے سے پہلے ورلڈ کپ کے فائنل میں دھونی کے آخری چھکے دیکھنا چاہتا ہوں۔” انہوں نے 2013 میں انگلینڈ کو میدان میں شکست دے کر آئی سی سی چمپئنز ٹرافی بھی جیتی تھی۔
دھونی نے ہندوستان کے لئے اب تک سب سے زیادہ 200 ون ڈے میچوں میں کپتانی کی ہے جس میں ٹیم 110 میچ جیتی ہے۔ انہوں نے 350 ون ڈے میں 50.57 کی اوسط سے 10773 رنز بنائے جس میں 10 سنچریاں اور 73 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ اس دوران انہوں نے وکٹ کے پیچھے 444 کا شکار کیا ہے۔ دھونی نے 90 ٹیسٹ میں 38.09 کی اوسط سے 4876 رنز بنائے ہیں جس میں 6 سنچریاں اور 33 نصف سنچری شامل ہیں۔ ٹیسٹ میچوں میں انہوں نے وکٹ کے پیچھے 294 کا شکار کیا ہے۔
ماہی نے انٹرنیشنل کرکٹ کے علاوہ آئی پی ایل میں بھی کچھ ریکارڈ اپنے نام کئے ہیں جو کسی بھی کھلاڑی کے لئے توڑنا بہت مشکل ہوگا۔ وہ واحد کھلاڑی ہیں جس نے آئی پی ایل میں نو بار فائنل کھیلا ہے۔ اس دوران انہوں نے تین بار اپنی ٹیم چنئی سپر کنگز کو جیت دلائی۔ورلڈ کپ 2019 میں اپنی سست بیٹنگ کی وجہ سے دھونی کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ اس ورلڈ کپ میں ہندستان کے سیمی فائنل میں شکست کے بعد سے وہ کرکٹ سے دور ہیں۔ توقع کی جارہی ہے کہ دھونی کو آئی پی ایل میں ایک بار پھر کھیلتا ہوا دیکھنے کا موقع ملے گا۔
Home کھیل کی خبریں Sports News انتالیس کے ہوئےمہیندر سنگھ دھونی لیکن ریٹائرمنٹ سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں

