نئی دہلی: کورونا وائرس کووڈ۔19کے خلاف جنگ کو مضبوطی فراہم کرنے کے مقصد سے مرکزی حکومت نے نیا فیصلہ کرتے ہوئے پرائیویٹ ڈاکٹروں کو بھی اس کے ٹیسٹ کے لئے پرچی لکھنے کی اجازت دے دی ہے۔ اب تک صرف سرکاری ڈاکٹر ہی کووڈ۔19کے ٹیسٹ کے لئے پرچی لکھ سکتے تھے۔
صحت اور خاندانی فلاح و بہبود کی وزارت نے جمعرات کو بتایا کہ جانچ کی پرچی اب کو ئی بھی رجسٹرڈ ڈاکٹر لکھ سکتے ہیں۔ سرکاری ڈاکٹروں کی پرچی پر ہی کوروناٹیسٹ کی لازمیت اب ختم کردی گئی ہے۔ مرکز نے کہاکہ اس سلسلہ میں تمام ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام ریاستوں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ کورونا کی علامات والے کسی بھی شخص کو اب ہر رجسٹرڈ ڈاکٹر کورونا ٹیسٹ کے لئے لکھ سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ جانچ کرنے میں آنے والے مسائل کو حل کرنے کے لئے کئی نئے اقدامات کئے گئے ہیں۔ کورونا انفیکشن کی روک تھام اور علاج کے لئے ’ٹیسٹ ٹریک ٹریٹ’کی حکمت عملی پر زور دیتے ہوئے مرکزی حکومت نے ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام ریاستوں کو صلاح دی ہے کہ وہ اپنی ریاست کے تمام لیبوں کی افادیت کو یقینی بنائیں، خاص طورپر پرائیویٹ لیب کی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس کا فائدہ مل سکے۔

