سہارنپور:ویزہ کی خلاف ورزی کے الزام میں سہارنپور ضلع جیل میں اپریل کے تیسرے ہفتے سے قید 57 غیر ملکی باشندوں کو چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ(سی جے ایم)سہارنپور کی عدالت نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ہوئی سماعت کے بعد ایک۔ ایک مہینے کی سزا سنائی ہے۔جس کے بعد ان کے رہائی کا راستہ صاف ہوگیا اور وہ کسی بھی وقت رہا ہوسکتے ہیں۔
ڈائرکٹر جنرل(جیل)آنند کمار نے بتایا کہ اترپردیش میں مکمل لاک ڈاؤن کے دوران تبلیغی جماعت سے وابستہ کل 167غیر ملکی شہری ویزہ اصولوں کی خلاف ورزی اور وبائی ایکٹ کی خلاف ورزی کی دفعات میں گرفتار کر کے ریاست کے مختلف جیلوں میں بھیجے گئے تھے۔اب عدالت میں ان کی سماعت چل رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سہارنپور جیل میں قید 57غیر ملکی شہریوں کو سزا سنائی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع کے تھانہ قطب شیخ، تھانہ منڈی، تھانہ دیوبند، تھانہ دیہات میں 57غیر ملکی شہریوں کے خلاف ویزہ قوانین کی خلاف ورزی اور وبائی ایکٹ کی دفعات میں مقدمہ درج کئے گئے تھے۔جنہیں 20،21،اور 22اپریل کو سہارنپور جیل میں بچہ وارڈ میں عارضی جیل بنا کر رکھا گیا تھا۔
مسٹر کمار نے بتایا کہ ان غیر ملکی شہریوں میں 21 کرغستان،19انڈونیشای،4تھائی لینڈ،5سوڈان،دو ملیشیا،ایک سیریا، ایک فرانس اور ایک کا تعلق سعودی عرب سے ہے۔ ان تمام کا تعلق تبلیغی جماعت سے بتایا جارہا ہے۔سہار نپور جیل کے جیلر آر کے پانڈے نے بتایا کہ اس معاملے کی سماعت ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ہوئی ۔ملزمین کی پیروی جماعت علماء ہند کے لیگل سیل کی جانب سے کی گئی۔مسٹر پانڈے کے مطابق عدالت کے فیصلے کی کاپی ابھی تک سہارنپور جیل کو نہیں ملی ہے ۔کاپی ملتے ہی ان سبھی 57غیر ملکی شہریوں کو رہا کردیا جائےگا۔قابل ذکر ہے کہ یہ تمام افراد عدالت کی جانب سے انہیں جتنے دنوں کی سز ا سنائی گئی ہے اس سے کہیں زیادہ دنوں سے وہ جیل میں ہیں اس وجہ سے ان کی آج کسی بھی وقت رہائی ہوسکتی ہے۔
