عبدالحفیظ ملک نے چھ ہزار مزدوروں کو اپنے خرچے سے وطن بھیج کرانسانیت کی مثال قائم کی

0

نئی دہلی: ممبئی میں کاروبار کرنے والے اور اترپردیش کے گونڈہ اسمبلی حلقہ گوراچوکی سے تعلق رکھنے والے عبدالحفیظ ملک نے لاک ڈاؤن کے دوران وہ کام کردکھایا ہے جو بڑی بڑی تنظیمیں کرنے سے قاصر رہی ہیں۔ انہوں نے اپنی طرف سے ممبئی میں پھنسے ہوئے چھ ہزار مزدوروں کو بذریعہ ٹرین بھیج کر مزدوروں کے بہی خواہوں میں اپنا نام درج کروکر انسانیت کی مثال قائم کی۔انہوں نے آج یہاں یو این آئی اردو سروس سے بات چیت میں کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران پھنسے ہوئے مزدوروں کی پریشانیوں کو دیکھ کر انہیں لگا کہ ان کی مدد ہر حال کی جانی چاہئے کیوں کہ یہ مزدور فیکٹریاں اور کارخانے بند ہونے کی وجہ سے نہ صرف بے روزگاری کے شکار تھے بلکہ بے وطنی کے بھی شکار تھے۔انہیں صرف رہنے سہنے کامسئلہ درپیش نہیں تھا بلکہ کھانے پینے کے سنگین بحران کا سامنا تھا۔اس صورت حال کو دیکھتے ہوئے میں نے ان لوگوں کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ لاک ڈاؤن کے دوران ممبئی اور اس کے مضافات میں غریبوں، لاچاروں، مزدوروں اورکمزوروں کو راشن کٹس تقسیم کیا اورتقریباً ڈَھائی ہزار سے تین ہزار کے درمیان خاندانوں میں راشن کٹس پہنچایا۔ انہوں نے کہاکہ یہ کام آسان نہیں تھا کیوں کہ غریب لوگوں کی شناخت کرنا اور پھنسے ہوئے مزدروں کا پتہ لگانااور راشن پہنچانا مشکل تھا۔ انہوں نے کہاکہ اس کے لئے انہوں نے اپنا فون نمبر سوشل میڈیا پر ڈالا اور کہا کہ جس کو بھی راشن کی ضرورت ہو وہ رابطہ کریں جس کی وجہ سے ہزاروں لوگوں نے رابطہ کیا اور ہم کچھ حد تک ان کی پریشانی دور کرنے میں کامیاب رہے اور ہم نے پریشان حال لوگوں کو ڈور ٹو ڈور راشن پہنچایا۔مسٹر حفیظ ملک نے بتایا کہ اس کے بعد ہزاروں کی تعداد میں مزدوروں نے آدھار کارڈ کے فوٹو بھیجے اور اپنے پھنسے ہونے اور گھر جانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ یہ معاملہ اتنا آسان نہیں تھا۔ رجسٹریشن، دوسرے پیچیدہ نظام کی وجہ سے مزدوروں کو بھیجنے میں کئی طرح مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن ہم نے ہمت نہیں ہاری اور چھ ہزار مزدوروں کے آدھار کا فوٹو کاپی کرانا اور رجسٹریشن کرانا اور دیگر خانہ پری کے بعد متعدد مرحلوں میں متعدد ٹرینوں کے ذریعہ چھ ہزار مزدوروں کو ان کے وطن واپس بھیجنے میں کامیاب رہے۔ یہ مزدور لکھنؤ،بنارس،گونڈہ، بستی اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھتے تھے۔انہوں نے بتایا کہ ان کے بھائی کلام ملک جو 2012میں کانگریس کے ٹکٹ پر گوراچوکی اسمبلی حلقہ سے الیکشن لڑے تھے اور 3500ووٹوں سے ہار گئے تھے اور بعد بی ایس پی جوائن کرلیا تھا اور 2017میں بھی الیکشن لڑے لیکن کامیاب نہ ہوسکے، نے اس کام کے لئے ترغیب دی۔ انہوں نے وہاں مزدوروں کی پریشانی کو دور کرنے کے لئے ہمت افزائی کی اور کئی طرح کے وسائل فراہم کئے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here