کلکتہ: ”امفان طوفان“ کو گزرے ہوئے تین دن ہونے کے باوجود صورت حال معمول پر نہیں آنے کی وجہ سے عام لوگوں میں غصہ آہستہ آہستہ بڑھ رہا ہے۔ چناں چہ اس صورت حال کا ادراک کرتے ہوئے ریاستی سیکریٹریٹ نے حالات کو معمول پر لانے کیلئے فوج سے مدد لی ہے۔اس کے علاوہ حکومت نے ریلوے پولس اہلکار اور بندرگاہوں پرتعینات افسران سے بھی مدد طلب کی ہے۔مغربی بنگال محکمہ داخلہ نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امفان کے بعد ریاست میں صورتحال کو معمول پر لانے کے لئے انتظامیہ ہر ممکن کوشش کررہی ہے اور رات دن کام کئے جارہی ہے۔چوں کہ تباہی بڑے پیمانے پر ہوئے ہیں اس لئے ہمیں حالات کو معمول پر لانے کیلئے مزید عملے کی ضرورت ہے۔اس لئے بنگال حکومت نے فوج، ریل اور بندرگاہ کے حکام سے مدد کی اپیل کی ہے۔خیال رہے کہ این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف اہلکارپہلے سے ہی سرگرم ہے۔ہندوستانی افواج نے مغربی بنگال حکومت کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے فوج کو بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔آرمی نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”مغربی بنگال حکومت کی درخواست پر ہندوستانی افواج نے کلکتہ سٹی سیول ایڈمنسٹریشن کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔خیال رہے کہ تین دن گزرگئے ہیں اب تک کئی علاقوں میں بجلی،پانی، ٹیلی کمیونیکشن بحال نہیں ہوئے ہیں۔وزیرا علیٰ ممتا بنرجی کے بقول اتنے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے کہ سنبھلنے میں وقت لگے۔ابھی کلکتہ کی سڑکوں پر درخت بکھرے ہوئے ہے۔بجلی کے گرے ہوئے ہیں۔کئی علاقوں میں پانی بھرے ہوئے ہیں۔اس کے خلاف کئی علاقوں میں احتجاج ہورہے ہیں۔وزیر اعلی ممتا بنرجی نے آج کہا ہے بجلی فراہم کرنے والی کمپنی سی ای ایس سی سی ایک نجی ادارہ ہے۔اس لئے بجلی کی کٹوتی کیلئے حکومت کو ذمہ دار ٹھہرانا مناسب ہیں ہے۔سی ایس ایس سی کی ذمہ داری ہے کہ جلد سے جلد بجلی بحال کرے۔دوسری جانب سی ایس ایس سی نے کہا کہ جگہ جگہ اب بھی درخت گرے ہوئے ہیں اس لئے بجلی بحال کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ گزشتہ دو مہینوں سے ریاست میں لاک ڈاؤن نافذ ہے۔بڑی تعداد میں ورکرس اپنے گھروں کو چلے گئے ہیں۔اس کی وجہ سے ہمیں عملے کی قلت کا سامنا ہے۔اس لئے اس صورت حال کو عام لوگوں کو بھی سمجھنا ہوگا۔ہمیں کن حالات کا سامنا ہے۔وزیرا علیٰ نے کہا کہ ہمارے پہلی ترجیح لوگوں کی زندگی کو بچانا ہے۔لاکھوں افراد شیلٹر میں مقیم ہیں۔وزیر اعلی نے الزام لگایا کہ مختلف علاقوں میں بدامنی پیدا کرنے کی بھی کوشش کی جارہی ہے۔وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے عوام سے اپیل کی یہ وقت صبر سے کام لینے کا ہے۔ہمیں احساس ہے جن علاقوں میں تین دنوں سے بجلی نہیں ہے وہاں لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے مگر تباہی بڑے پیمانے پر ہوئی ہے۔عملہ رات دن کام کررہے ہیں اور جلد سے جلد بجلی بحال ہوجائے گی۔وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بجلی فراہم کرنے والی سی ای ایس سی کے تئیں ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت ان کے ہاتھ پر ہاتھ دھڑ کر بیٹھنے کا نہیں تھا۔وہ بجلی کی فراہمی سے کماتے ہیں۔ایک پرائیوٹ کمپنی ہونے کے باوجود ان کی ذمہ داری تھی وہ آگے بڑھ کر اس میں حکومت کی مدد کرتی اورجن علاقوں میں بجلی نہیں ہے وہاں جنریٹر کے ذریعہ بجلی فراہم کرنی چاہیے۔دوسری جانب وزیرا علیٰ ممتا بنرجی کی اظہار برہمی کے بعد سی ای ایس سی نے 72 گھنٹے بجلی کی بندش پر معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کلکتہ کے مختلف علاقو ں میں اب تک بجلی فراہم نہیں کی جاسکی ہے۔ہمیں لوگوں کی تکلیف پر افسوس ہے اور معذرت کرتے ہیں۔کمپنی نے یقین دلایا ہے کہ منگل تک سروس ہر جگہ معمول پر آجائے گی۔ریاستی محکمہ بجلی کے ذرائع نے بتایا کہ ریاستی بجلی کی تقسیم کا محکمہ دن میں 24 گھنٹے کام کرکے حالات کو معمول پر لانے کی کوشش کر رہا ہے۔
