مایاوتی کیوں ہیں کانگریس سے خفا

0
Mayawati (BSP President)

نئی دہلی: بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی نے غیر مقیم مزدوروں کی زبردست پریشانیوں کےلئے کانگریس کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے سنیچر کہا ہے کہ آزادی کے بعد طویل عرصے سے اپنے دور حکومت کے دوران مقامی سطح پر روزی روٹی مہیا کرانے کی سنجیدہ کوششیں نہیں کی گئیں جس سے لوگوں کو ہجرت کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔
محترمہ مایاوتی نے اپنے متعدد ٹوئٹس کے ذریعہ غیر مقیم مزدوروں کی بری حالت کے لئے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ کانگریس کوبھی ذمہ دار قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کی تکلیفوں کی ویڈیو ٹوئٹ کرکے کانگریس ناٹک کررہی ہے۔
بی ایس پی سربراہ نے کہا کہ ’’آج پورے ملک میں کورونا لاک ڈاؤن کی وجہ سے کروڑوں غیر مقیم مزدوروں کی جو حالت دکھ رہی ہے اس کی اصل قصوروار کانگریس ہے کیونکہ آزادی کے بعد ان کے طویل دور حکومت کے دوران اگر روزی روٹی کا صحیح نظم گاؤں اور شہروں میں ہی کیا جاتا تو انہیں دوسری ریاست میں کیوں جانا پڑتا۔
انہوں نے کہاکہ ویسے ہی فی الحال کانگریس لیڈر کے جانب سے لاک ڈاؤن ٹریجڈی کے شکار کچھ مزدوروں کے دکھ درد بانٹنے سے متعلق جو ویڈیو دکھایا جارہا ہے وہ ہمدردی والا کم اور ناٹک زیادہ دکھتا ہے۔ کانگریس اگر یہ بتاتی کہ اس نے ان سے ملتے وقت کتنے لوگوں کی حقیقی مدد کی ہے تویہ بہتر ہوتا۔
محترمہ مایاوتی نے کہا کہ بی جے پی کی مرکز اور ریاستی حکومتیں کانگریس کی راہ پر نہ چل کر ان بے حال گھر واپسی کررہے مزدوروں کو ان کے گاؤں اور شہروں میں ہی روزی روٹی کا صحیح نظم کرکے انہیں خودانحصار بنانے کی پالیسی پر اگر عمل کرتی ہے توپھر مستقبل میں ایسی بری حالت انہیں شاید کبھی نہیں جھیلنی پڑے گی۔
انہوں نے بی ایس پی کے لوگوں سے ایک بار پھر اپیل کی کہ جن غیر مقیم مزدوروں کو انکے گھر لوٹنے پر انہیں گاؤں سے دور الگ تھلگ رکھا گیا ہے اورانہیں مناسب سرکاری امداد نہیں مل رہی ہے تو ایسے لوگوں کو بھی اپنا مان کر ان کی مکمل انسانی امداد کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ ’’مظلوم ہی مظلوم کی صحیح مدد کرسکتا ہے۔‘‘

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here