لکھنؤ:ملک کے دیگر ریاستوں سے تقریبا 2ملین مہاجر مزدورں کو واپس لانے کے ہدف کے ساتھ اترپردیش حکومت ان مزدوروں کو ریاست میں ان کی اہلیت کے اعتبار سے انہیں کام دینے کی حکمت عملی تیارکرنے کے لئے دن رات محنت کررہی ہے۔وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے سنیچر کو کہا کہ لاک ڈاؤن کے درمیان ریاست کے مہاجر مزدوروں کے لئے پیدا چیلنج کو ہم مواقع میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ہماری کوشش ہے کہ ریاست کوواپس آئی مزدوروں کی اتنی کثیر تعداد کو یہیں روزگار فراہم کیا جائے اور اس کے لئے ہم نے لیبر ریفارم شروع کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم ایس ایم ای اور بڑی انڈسٹریوں کو فروغ دینے کے لئے یوپی کو چین اور دیگر ممالک جیسے بنگلہ دیش اور ویتنام کی طرز پر ترقی دی جائے گی۔علاوہ ازیں حکومت یو پی کو دنیا کا ریڈی میڈ کپڑوں کے ہب کے طور پر فروغ دینے کے لئے کوشاں ہے۔
ٹیم ۔11 کے ساتھ ریاست کے حالات کاجائزہ لینے کے بعد یوگی نے متعلقہ افسران کو 2ملین مہاجر مزدوروں کا اسکل ڈاٹا تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ریاست میں پہلے ہی 8لاکھ مہاجر مزدور واپس آچکے ہیں۔جن میں اکثر ہوم کوارنٹائن کی مدت پوری کررہے ہیں۔اس وقت یومیہ 40ٹرینیں تقریبا 50ہزار مزدوروں اور ان کو کنبے کو ریاست لے کر پہنچ رہی ہیں۔گذشتہ تین دنوں میں مختلف ریاستوں سے تقریبا 80اسپیشل ٹرینیں 1.25لاکھ مزدوروں کو لے کر ریاست پہنچی ہیں۔وزیر اعلی نے کہا کہ یوپی حکومت ان تمام مہاجر مزدوروں کو ہر ممکن مدد کے ساتھ ان کے اہلیت کے اعتبار سے انہیں کام فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پراعتماد ہیں کہ مزدور ریاست میں کم از کم 15ہزار روپئے کی تنخواہ کےساتھ کام ضرور پائیں گے۔وزیر اعلی نے کہا کہ خاتون مزدوروں کو کام کی جگہ پر پوری سیکورٹی فراہم کی جائےگی اور نیا لیبر ریفارم تمام نئی اور پرانی مینو فیکچرنگ یونٹ پر نافذ کیا جائےگا۔انہوں نے کہا کہ ریڈی میڈ کپڑوں کے ساتھ ریاست پرفیوم،دھوپ بتی،اگر بتی،زرعی پروڈکٹس،فوڈ پیکنگ،دودھ پروڈکٹس،پھولوں کی کھیتی اور کمپوسٹ کھاد بنانے کی چھوٹی انڈسٹریز کو فروغ دینے پر کام کررہی ہے۔

