لکھنؤ: الہ آبادہائی کورٹ کی لکھنؤ ڈویژن بنچ نے بدھ کو اترپردیش کے پرائمری اسکولوں میں 69ہزار اسسٹنٹ ٹیچروں کی تقرری میں حکومت کی جانب سے طے کئے گئے اصولوں پر مہر لگا دی ہے۔
جسٹس پنکج کمار جیسوال اور جسٹس کرونیش سنگھ پوار کی ڈویژن بنچ نے حکومت کی جانب سے طے کئے گئے میعارات کو صحیح قرار دیتے ہوئے ریاستی حکومت کے حکم دیا ہے کہ وہ تین مہینوں کے اندر تقرری کی کاروائی پوری کرے۔عدالت نے حکومت کی جانب سے کٹ آف کے نمبرات کو بڑھانے کے فیصلے کو صحیح مانا ہے۔
گذشتہ ڈیڑھ سالوں سے التواء کا شکار اس معاملے میں ریاستی حکومت سمیت دیگر امیدواروں کی خصوصی اپیل پر عدالت نے 3مارچ کو سماعت پوری ہونے کے بعد اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔اس میں سنگل بنچ کے اس فیصلے و حکم کو چیلنج کیا گیا تھا جس میں انٹرنس امتحان میں پاسنگ مارک جنرل کٹیگری کے لئے کم از کم 45فیصدی اور اور ریزرو کٹیگری کے لئے 40فیصدی رکھے جانے کا ریاستی حکومت کو ہدایت دی گئی تھی۔
گذشتہ سال کے آغاز میں ہوئے انٹرنس امتحان کے فورا بعد ریاستی حکومت نے جنرل زمرے کے امیدواروں کے لئے کم از کم نمبر 65فیصدی اور ریزرو زمرے کے امیدواروں کے لئے 60فیصدی نمبر لانالازمی قرار دیا تھا۔جس کے خلاف سنگل بنچ کے سامنے کئی عرضیاں داخل کی گئی تھی۔گذشتہ سال سے ان اپیلوں پر حتمی سماعت چل رہی تھی۔
ملحوظ رہے کہ ریاست کے پرائمری اسکولوں میں 69ہزار اسسٹنٹ ٹیچروں کی تقرری کے لئے 5دسمبر 2018 کو نوٹیفکیشن جاری کر کے آن لائن درخواست کا عمل شروع کیا گیا تھا۔ چھ جنوری 2019 کو 69ہزار امیدواروں کی تقرری کے لئے انٹرنس امتحان کا انعقاد کیا گیا تھا۔اس میں 410440امیدواروں نے امتحان دیا تھا اور 21 ہزار 26امیدواروں نے امتحان چھوڑ دیا تھا۔
