علی گڑھ،(زمینی سچ): علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے سبھی دفاتر جس میں مختلف شعبوں، سنٹروں، کالجوں اور اسکولوں وغیرہ کے دفاتر شامل ہیں 6؍مئی سے صبح 9؍بجے سے دوپہر 12؍بجے تک کھلیں گے اور عملے کے صرف 33؍فیصد افراد دفاتر میں آئیں گے۔ اے ایم یو رجسٹرار مسٹر عبدالحمید آئی پی ایس کی جانب سے جاری اطلاع میں کہا گیا ہے کہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے جن علاقوں کو کورونا وائرس سے متاثرہ قرار دیا گیا ہے اور وہاں آمدو رفت محدود کردی گئی ہے اُن علاقوں میں رہنے والے ملازمین دفتر حاضری سے مستثنیٰ رہیں گے۔ انھوں نے مزید کہاکہ 33؍فیصد عملے کی مرحلہ وار ڈیوٹی متعلقہ شعبوں کے سربراہان طے کریں گے۔

