کیا یہ شاطرانہ حکمت عملی کا حصّہ ہے؟

0

سراج نقوی
مشرق وسطیٰ کے مسلم ممالک میں بر سر روزگار غیر مسلم ہندوستانیوں کے ساتھ حال کے چند دنوں میں پیش آئے واقعات نے ایک طرف تو ان لوگوں میں سے کئی کو اپنے ٹویٹر یا سوشل میڈیا پر موجود دیگر اکائونٹس کو بند کرنے اور اپنے عرب آجرین سے معافی تلافی کے لیے مجبور کیا ہے،دوسری طرف باقی افرادکے روزگار پر منڈلا رہے خطرے کا احسا س ہندوستان میں موجود ایسے فرقہ پرستوں کے بھگوا آقائوں کو بھی ہوا ہے۔حکمراں جماعت اور اس کی قیادت کو بھی اس صورتحال نے فکرمند کیا ہے۔ان تمام باتوں کا اثر اتر پردیش کے حالیہ چند واقعات پر بھی نظر آتا ہے۔ ریاست کے دو ممبران اسمبلی اور ایک بی جے پی ممبر پارلیمنٹ نے چند روز قبل جس طرح کی فرقہ وارانہ اشتعال انگیزی کی اور کرونا کے بہانے مسلمانوں کو اپنے زہریلے پروپگنڈے سے نشانہ بنانے کی کوشش کی اس نے بی جے پی کی اعلیٰ قیادت کو بھی لب کشائی کرنے اور ایسے واقعات پر سخت ردعمل ظاہر کرنے کے لیے مجبور کر دیا۔حالانکہ جلد بازی میں اس نتیجے پر پہنچنا غلط ہوگا کہ بی جے اعلیٰ قیادت کے ذریعہ ایسے واقعات پر ظاہر کیا گیا سخت موقف اس کی نیک نیتی یا پارٹی پالیسی میں کسی تبدیلی کا اشارہ ہے یا پھر مشرق وسطیٰ کے ان مسلم حکمرانوں کو باتوں سے بہلانے کی کوشش ہے کہ جن کے سبب ہندوستان کے ایک کروڑ سے زیادہ لوگوں کا روزگار چل رہا ہے۔پہلے ان واقعات پر ایک نگاہ ڈال لیںکہ جو یہ ثابت کرتے ہیں کہ اترپردیش فرقہ وارانہ منافرت کی کس حد تک پہنچ گیا ہے اوریہاں کے کچھ لیڈر کس طرح ماحول میں زہر گھولنے کا کام کر رہے ہیں۔ان لیڈروں کو ابھی تک یہ احساس بھی نہیں ہے کہ ان حالا ت کے سبب مشرو سطیٰ میں رہنے والے غیر مسلم ملازمین کے سامنے کس طرح کے چیلنج کھڑے ہو گئے ہیں۔
پہلا واقعہ سلیم پور سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ رویندر کشواہا سے متعلق ہے۔کشواہا نے تبلیغی جماعت کے خلاف گذشتہ کچھ عرصے سے جاری فرقہ پرستوں کی زہر افشانی کو آگے بڑھاتے ہوئے یہ اعلان کیا کہ جو بھی شخص تبلیغی جماعت سے متعلق افراد کے بارے میں اطلاع دیگا اسے رکن پارلیمنٹ کی جانب سے ۱۱ ہزار روپئے بطور انعام دیا جائیگا۔حالانکہ انھوں نے ایسا ہی اعلان ریاست کے باہر سے اتر پردیش آنے والوں کے تعلق سے بھی کیا۔کشواہا کا کہنا ہے کہ وہ یہ جانکاری انتظامیہ کو آگے کارروائی کے لیے بھیج دینگے۔سوال یہ ہے کہ کیا کشواہا کو پارٹی ہائی کمان یا ریاستی حکومت نے یہ ذمہ داری سونپی ہے؟اگر ایسا نہیںہے تو پھر کشواہا کی اس حرکت کے لیے سرزنش کیوں نہیں کی جانی چاہیے؟دراصل کشواہا کو ایسا کرنے کی ترغیب ریاست کی چند ضلع انتظامیہ کی طرف سے تبلیغی جماعت کے بارے میں کیے گئے ایسے ہی ایک اعلان سے ملی ہے،لہٰذا یہ توقع کرنا لاحاصل ہے کہ پارٹی یا حکومت ان کے خلاف کوئی سخت کارروائی کریگی۔لیکن یہاں یہ بات بھی ذہن نشین رکھنی ہوگی کہ حکومت یا ضلع انتظامیہ کی طرف سے کیے گئے کسی اعلان کی بنا پر کوئی رکن پارلیمنٹ یا رکن اسمبلی ایسے ہی کسی اعلا ن کرنے کا اس وقت تک مجاز نہیںہو سکتا جب تک اسے باقاعدہ یہ ذمہ داری نہ سونپی جائے۔لیکن ایسی کوئی اطلاع نہیں ہے کہ یوگی سرکار یا مرکز نے کشواہا کو اس کام پر معمور کیا ہو۔ایسے میں ان کے خلاف کوئی تادیبی کارروائی کیوں نہیں ہوئی؟یا انھیں نوٹس جاری کرکے یہ کیوں نہیںپوچھا گیا کہ آپ کس استحقاق کے تحت یہ اعلان کر رہے ہیں؟
دوسرا واقعہ ضلع دیوریا سے متعلق بی جے پی کے ہی ایک رکن اسمبلی سریش تیواری کا ہے۔تیواری کی ایک ویڈیو گذشتہ ہفتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ۔جس میں وہ کسی مسلمان سبزی فروش سے سبزی نہ خریدنے کے لیے لوگوں سے کہہ رہے ہیں۔اس ویڈیو پر جب تنازعہ نے طول پکڑاتو بی جے پی اعلیٰ قیادت خصوصاً پارٹی صدر جے پی نڈّا کو اس پر کھل کر اظہا ر ناراضگی کرنا پڑا۔نڈا نے پارٹی کی ریاستی قیادت کو یہ ہدایت دی کہ وہ رکن اسمبلی سے ایک ہفتے کے اندر جواب طلب کرے ۔نڈّا نے سخت لہجے میں یہ بھی کہا کہ رکن اسمبلی کا رویہ پارٹی کی پالیسی کے برعکس اور ’’انتہائی غیر ذمہ دارانہ‘‘ ہے۔بی جے پی قیادت کا کہنا ہے کہ اگرتیواری کا جواب اطمینان بخش نہیں ہوا تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔دوسری طرف تیواری کا کہنا ہے کہ وہ عوام کے درمیا ن ماسک اور سینیٹائزر تقسیم کر رہے تھے کہ اسی درمیان کچھ افراد نے انھیں بتایا کہ تبلیغی جماعت سے وابستہ سبزی فروش اپنے تھوک اور پیشاب سے سبزیوں کو خراب کر رہے ہیں جس سے کرونا پھیلنے کا خطرہ ہے۔اس پر موصوف نے کہا کہ وہ سبزی فروشوں سے جھگڑا نہ کریں اور قانون اپنے ہاتھ میں نہ لیں۔البتّہ ان سبزی فروشوں سے سبزی خریدنا بند کر دیں۔سوال یہ ہے کہ کیا تیواری نے مذکورہ خبر کی جانچ کرنے کی زحمت کی یا انتظامیہ سے اس معاملے میں جانچ کرنے کے لیے کہا؟اگر نہیںتو پھر کسی خاص فرقے کے خلاف اس طرح کا زہر پھیلاناکیا قانونی طور پر جرم نہیں ہے،اور پارٹی سطح کی کارروائی سے الگ ان کے خلاف ریاستی حکومت سے ایف آئی آر درج کرنے کے لیے نہیں کہا جانا چاہیے تھا؟لیکن ایسا نہیں ہوا البتہ کانگریس نے تیواری کے خلاف ایف آئی آر ضرور درج کرائی ہے۔ریاست میں سیکولرزم کے دو ٹھیکیدار سماجوادی پارٹی اور بی ایس پی نے یہ زحمت بھی نہیںکی۔شائد اس کا سبب یہ ہے کہ ان پارٹیوں کے لیڈروںکے ’گناہان کبیرہ‘ کی فائلیں انھیں دکھا کر ان سے زبان بند رکھنے کے لیے کہا گیا ہو۔
دوسرا معاملہ ضلع مہوبا کے چرکھاری اسمبلی حلقے سے بی جے پی کے رکن اسمبلی برج بھوشن راجپوت کا ہے۔ موسوف نے بھی لکھنئو کے گومتی نگر علاقے میں وہی حرکت کی جس کا الزام تیواری پرہے۔ راجپوت نے باقاعدہ ایک سبزی فروش سے اس کا نام پوچھا۔سبزی فروش نے خوف کے تحت راجپوت کو اپنا نام راج کمار بتایا،لیکن رکن اسمبلی کو شک ہوا تو انھوں نے سبزی فروش کے بیٹے سے اس کا نام پوچھا اور اس نے اپنا نام رحیم الدین بتایا۔اس پر راجپوت آگ بگولہ ہو گئے۔ایک خبر کے مطابق سبزی فروش کے ساتھ مارپیٹ بھی کی گئی۔جبکہ دیگر اطلاع کے مطابق اسے علاقے میں دوبارہ سبزی لیکر نہ آنے کے لیے کہا گیا۔غالباً راجپوت کو بھی پارٹی کی طرف سے وجہ بتائو نوٹس دیا گیا ہے۔مذکورہ ممبران اسمبلی کے خلاف آگے کوئی کارروائی ہوتی ہے یا نہیں اور اگر ہوتی بھی ہے تو اس کی نوعیت ہوگی اس پر فی الحال کچھ کہنا مشکل ہے،لیکن کیا مذکورہ ممبر پارلیمنٹ اور دو ممبران اسمبلی کے خلاف قانون کے تحت حکومت اور انتظامیہ کو بھی کارروائی نہیں کرنی چاہیے؟جبکہ دوسری طرف اقلیتوں سے وابستہ افراد کو معمولی الزامات میں بھی این ایس اے لگا کر جیل بھیجا جا رہا ہے۔
بہرحال مزکورہ حالات میں بی جے پی قیادت کی طرف سے اپنے ممبران اسمبلی کی خلاف دیے گئے وجہ بتائو نوٹس یا عوامی طور پر دیے گئے بیانات پر یہ سوال اٹھنا بالکل فطری ہے کہ کیا مذکورہ کارروائی پارٹی کی نیک نیتی اور بدلی ہوئی پالیسی کا اشارہ ہے یا پھر یہ سب کچھ ایک سوچی سمجھی اور شاطرانہ حکمت عملی کا حصّہ ہے جس کا مقصد مسلم دنیا خصوصاً اور عالمی برادری کی طرف سے عموماً حکومت اور بی جے پی کی اقلیت مخالف پالیسیوں کے خلاف اٹھنے والی آوازوں کے زور کو کم کرنااور مشرق وسطیٰ میں بیٹھے اپنے حامیوں کے روزگار کو بچانا ہے۔جن پر مشرق وسطیٰ کی حکومتیں اب سخت نظر آتی ہیں؟یہ سوال اس لیے اہم ہے کہ حکومت اور بی جے پی قیادت کی ان کارروائیوں یا بظاہر سخت بیانات کے باوجود فرقہ پرست عناصر بے خوف اور مطمئن نظر آتے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here