کوارنٹین سینٹر میں صفائی، کھانے اورتحفظ کے بندوبست چست درست رکھنے کا حکم

0

لکھنؤ(زمینی سچ): اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ایل 1، ایل 2اور ایل 3ڈیڈی کیٹیڈکووڈاسپتالوں کی صلاحیت کی توسیع کرکے 52ہزار بستروں کا بندوبست یقینی بنانے کو کہا ہے۔انہوں نے اگلے 15دن میں 25 ہزار اضافی بیڈ کووڈاسپتال کے طور پر مزید تیار کئے جانے کی ہدایت دی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کے لئے محکمہ صحت اور طبی تعلیم کی جانب سے جنگی پیمانے پر کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔اس کے تحت محکمہ صحت کی جانب سے مختلف قسم کے کووڈ اسپتالوں میں کل 17ہزاربیڈ اور محکمہ طبی تعلیم کی جانب سے کل 35ہزار بیڈتیار کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس کی کوشش ہونا چاہئے کہ ریاست کے کووڈاسپتالوں میں 01لاکھ بیڈ اگلے ایک ماہ میں مہیاہو جائیں۔ وزیر اعلی آج یہاں لوک بھون میں ایک اعلی سطحی میٹنگ میں لاک ڈاؤن بندوبست کا جائزہ لے رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ صلاحیت کی توسیع کی اس کارروائی کے تحت محکمہ صحت کی جانب سے ایل 1اسپتالوں میں 10ہزار بیڈ، ایل 2اسپتالوں میں آکسیجن کی سہولت سمیت 05ہزاربیڈ اور ایل 3اسپتالوں میں وینٹی لیٹر پر مشتمل 02ہزاربیڈوں کا بندوبست کیا جائے۔اسی ضمن میںمحکمہ طبی تعلیم کی جانب سے ایل 1زمرے کے کووڈ اسپتالوں میں 20ہزاربیڈ، ایل 2اسپتالوں میں آکسیجن کی سہولت سمیت 10ہزاربیڈ اور ایل 3 اسپتالوں میں وینٹی لیٹر کے ساتھ 05ہزاربیڈوں کا بندوبست یقینی بنایا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کووڈاسپتالوں میںپوری طرح پروٹوکال پر عمل کرتے ہوئے انفکشن سے تحفظ کے سبھی اقدامات اپنائے جائیں۔کورونا کے علاج میں لگی طبی ٹیم کو ہر حال میں میڈیکل انفکشن سے بچایا جائے۔کورونا سے جنگ میں میڈیکل ٹیم کو محفوظ رکھنا نہایت ضروری ہے۔اس کے لئے کووڈاسپتالوں میں کافی تعداد میں پی پی ای کٹ، این 95ماسک کا بندوبست یقینی بنایا جائے۔ساتھ ہی اسپتالوں کی صاف صفائی یقینی بنائیں اور مسلسل سینٹائز کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ کووڈاسپتالوں میں آیوش کے ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل کی تربیت کراکر انکی خدمات بھی حاصل کرنے پر غور کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے وسیع سطح پر ٹیسٹنگ کا بندوبست یقینی بنانے کی ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ جانچ صلاحیت میں اضافہ کے لئے پول ٹیسٹنگ کو فروغ دیا جائے۔ٹیسٹنگ صلاحیت کو کس طرح بڑھایا جا سکتا ہے، اس سلسلے میں عالمی سطح کی جدید ٹیکنا لوجی حاصل کرنے پر غور کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ لاک ڈاؤن کا سختی سے عمل کرایا جائے۔لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی یا غلط استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔سبھی سرگرمیوں میں ہر حال میں سوشل ڈسٹنسنگ فالو کرایا جائے۔اس بات کی یقین دہانی کرائی جائے کہ لاک ڈاؤن کے دوران لوگوں کوسبھی ضروری اشیاء حاصل ہو۔کالابازاری، ذخیرہ اندوزی اور گھٹ تولی کرنے والوں کے خلاف کارروائی مسلسل جاری رکھی جائے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کووڈ 19کے علاج میں لگے صحت اہلکاروں پر حملہ کرنے والوں کو سخت سزا دلانے کے لئے مرکزی حکومت کی جانب سے وبا ئی امراض ایکٹ 1897میں ترمیمی آرڈیننس لایا گیا ہے۔اس آرڈیننس کے نفاذ سے کورونا وبا کے دوران صحت اہلکاروں پر حملہ کرنے والوں کے خلاف موثر کارروائی کی جا سکے گی۔نئے قانون سے صحت اہلکاروں کی حوصلہ افزائی ہو سکے گی ۔انہوں نے کہا کہ صحت اہلکاروں کے ساتھ ساتھ دیگرکورونا وارئیرس صفائی اہلکار، پولیس اہلکار اور ریاستی حکومت کی جانب سے کووڈ 19سے لڑنے کیلئے نامزد دیگر اہلکاروں کو ہر حال میں تحفظ فراہم کیاجائے۔اس سلسلے میں ریاستی حکومت جلد ہی ایک آرڈیننس لائے گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here