زہر افشانی کا کھیل جاری ہے

0
سراج نقوی(مضمون نگار

سراج نقوی
اتر پردیش کے کچھ اضلاع کی انتظامیہ نے گذشتہ ہفتے اعلان کیا کہ تبلیغی جماعت کے چھپے ہوئے افراد کے بارے میں اطلاع دینے والوں کو انعام سے نوازا جائیگا۔حالانکہ دوسری طرف اس طرح کی خبریں بھی آتی رہیں کہ ریاست کے مختلف شہروں میں جماعت کے جو لوگ کورینٹین کیے گئے تھے ان میںسے بیشتر کی ٹیسٹ رپورٹ نگیٹو آئی ہے۔جماعت کے بارے میںکئی افواہیں پھیلانے والے چینلوں نے معافی بھی مانگی۔دارلعلوم دیوبند کے تعلق سے ایک چینل نے بے بنیاد خبر چلائی کہ ’’دارالعلوم دیو بندبنا کورونا کا ہاٹ اسپاٹ،اب تک ۴۷ کی تصدیق‘‘۔اس خبر پر جب دارلعلوم نے سخت نوٹس لیا اور انتظامیہ کی طرف سے بھی چینل پر دبائو پڑا توخبر کا تصحیح نامہ اس طرح دیا گیا ’’بھول سدھار،دارلعلوم دیوبندبنا کورونا کا ہاٹ اسپاٹ،اب تک ۴۷ میں تصدیق‘‘ کے عنوان سے دارلعلوم کا ذکر غلطی سے ہوا تھا جسے اب سدھار لیا گیا۔‘‘یعنی اس تصحیح نامے میں بھی چینل نے اپنی غلطی کی معافی نہیں مانگی ،نہ اس خبر کو چلانے پر کسی طرح کا اظہار افسوس ہی کیا۔صرف یہ کہا گیا کہ بھول کو سدھار لیا گیا،لیکن اس مبینہ سدھار میںکیا کیا گیا یہ واضح نہیں ہے ۔جبکہ ایک بین الاقوامی شہرت رکھنے والے اور برصغیر کے معتبر دینی و علمی ادارے کے خلاف شائع اس خبر میں ادارے کے خلاف جو ہتک کا پہلو پوشیدہ تھا اس پر چینل کو غیر مشروط معافی مانگنی چاہیے تھی۔
جہاں تک تبلیغی جماعت سے وابستہ افراد کے ذریعہ ملک بھر میں کرونا پھیلانے کے زہریلے اور مذہبی منافرت کو ہوا دینے والے پروپگنڈے کا تعلق ہے تو اس معا ملے میں کئی عالمی تنظیموں اور اداروں کے سخت موقف کے بعد بی جے پی صدر جے پی نڈّا نے یہ بیان ضرور دیا تھا کہ کرونا سے متعلق خبروں کو کسی خاص مذہب سے نہ جوڑا جائے ،لیکن حکومت کے کسی اعلیٰ ذمہ دار نے سماج میں زہر پھیلانے والی ان خبروں پر میڈیا کی کوئی گرفت نہ کی۔اسی کا نتیجہ ہے کہ اب بھی کسی نہ کسی چینل میں یہ وضاحت ہوتی ہے کہ کرونا کے نئے معاملوں میں کتنے جماعت سے متعلق ہیں۔ملک کے ذمہ داروں کو شائد یہ احساس تک نہیں ہے کہ خبروں کو اس زاویے سے دینے اور کرونا جیسی وبا کے بہانے مسلمانوں اور اسلام کو نشانہ بنانے والوںکا عمل ایک طرف تو ہندوستانی سماج کو انتشار کی سمت لے جارہا ہے،دوسری طرف اس کے نتیجے میں مشرق وسطیٰ میں برسوں سے ملازمت یا کاروبار کرکے کروڑوں بلکہ اربوں روپیہ ہندوستان بھیجنے والے بھی مصیبت میں گرفتار ہو رہے ہیں اور ان پر آجروں اور وہاں کی حکومت کے ذریعہ ملک سے نکالے جانے کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔بلکہ کئی لوگوں کو ملازمتوں سے الگ کرکے ان ممالک کے قانون کے مطابق ایسے لوگوں کے خلاف کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔
صورتحال یہ ہے کہ مشرق وسطیٰ کے اسلامی ممالک میں ملازمت کی غرض سے قیام پذیر ہندتو وادیوںکی اسلام اور مسلمانوں کے خلاف زہر افشانی پر ان ممالک کے حکمراں طبقے میں ناراضگی بڑھ گئی ہے ۔ان ممالک میں یہ مطالبہ زور پکڑ رہا ہے کہ ایسے شرپسند عناصر کو واپس ہندوستان بھیج دیا جائے۔سوال یہ ہے کہ مسلم ممالک میں بسے ہوئے ان فرقہ پرست عناصر کو مسلمانوں اور اسلام کے خلاف زہر پھیلانے کی ترغیب کہاں سے مل رہی ہے۔مودی حکومت آنے سے بہت پہلے سے مسلم ممالک میں غیر مسلم ہندوستانیوں کی ایک بڑی تعدا درہ رہی ہے ،لیکن پہلے کبھی ایسا نہیں ہوا کہ ان لوگوں نے سوشل میڈیا پر مسلمانون اور اسلام کے خلاف اس طرح زہر اگلا ہو۔ظاہر ہے اگر اب یہ سب ہو رہا ہے تو اس کا سبب وہ باطل اور بے بنیاد پروپگنڈہ ہے جو ہمارے قومی میڈیا یا درباری صحافت کے ذریعہ گذشتہ چند برسوں سے بہت منظم ڈھنگ سے کیا جا رہا ہے۔اس پروپگنڈے کا مقصد ملک کو ہندو راشٹر بنانے کے لیے وہ ماحول تیار کرنا ہے کہ جس میں ملک کی اقلیتوں کو دوسرے درجے کا شہری بنا کرانھیں بنیادی اور جمہوری حقوق تک سے محروم کر دیا جائے۔اس مقصد کی تکمیل میں ملک سے باہر رہنے والے غیر مسلموں کا پیسہ اور سوشل میڈیا پر پھلایا جانے والا مذہبی جنون مددگار ہو سکتا ہے۔لہٰذا ملک سے باہر مسلم ممالک میں رہنے والے غیر مسلموں کو بہت منظم ڈھنگ سے بھگوا سیاست داں اپنا ہمنوا بنانے کا کھیل کھیل رہے ہیں۔مشرق وسطیٰ کے ممالک میں عیش کی زندگی گزارنے والے غیر مسلم افراد نے اس بھگوا سازش کا شکار ہو کر ہی اسلام اور مسلمانوں کے خلا ف نفرت کی جو نئی مہم چلائی اس میں کرونا جہاد جیسی بیہودہ اصطلاحیں بنائی گئیں ،اور لوگوں کے دماغوں میں یہ زہر بھرنے کی شرمناک کوششیں کی گئیں کہ کرونا کو ہندوستان میں ایک سازش کے تحت مسلمانوں کے ذریعہ پھیلایا جارہا ہے۔جب مسلم ممالک میں بسے کچھ غیر مسلم افراد کی سرگرمیوں اور زہر افشانی کی خبریں وہاں کے حکمراں طبقے یا آجروں تک پہنچیں تو ان ممالک کے شاہی خاندان یا اعلیٰ کاروباری طبقے کی طرف سے اس پر سخت ناراضگی کا ظہار کرنے کے ساتھ ایسے شرپسندوں کو ملازمت سے برطرف کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔
مسلم ممالک میں فرقہ پرست عناصر کے خلاف برھتی ہوئی اس ناراضگی پر وزیر اعظم نریندر مودی نے حالانکہ راست طور پر کچھ رد عمل ظاہر کرنے سے گریز کیا ہے،لیکن ان کا ایک ٹویٹ اس بات کی گواہی دیتا ہے کہ حکومت پر بھی اس معاملے میں دبائو ہے۔لیکن اصل معاملہ یہ ہے کہ اس معاملے میں صرف زبانی جمع خرچ سے ہی اصل مسئلے کی پردہ پوشی کی کوشش کی جارہی ہے۔وزیر اعظم نے اپنے بیان میں نہ جانے کیوں یہ کہنے سے گریز کیا کہ حکومت مسلمانوں کے خلاف پھیلائی جانے والی نفرت کو برداشت نہیں کریگی۔وزیر اعظم کو یہ بھی کہنا چاہیے تھا کہ ایسے معاملوں کے قصورواروں کے ساتھ سختی سے پیش آیا جائیگا۔لیکن ایس ا کچھ نہیں کہا گیا۔البتہ مرکزی وزیر مختار عباس نقوی کو اس کام پر معمور کر دیا گیا کہ وہ ہندوستان کو مسلمانوں کے لیے جنت قرار دیکر دنیا کو یا مسلم دنیا کو یہ باور کرائیں کہ ہندوستانی مسلمانوں سے زیادہ دنیا میں کوئی مسلمان عیش میںنہیں ہے۔حالانکہ نقوی کے اس بیان پر دبئی کے شاہی خاندان سے وابستہ ایک بڑے صنعتکار نورہ الغریرہ نے طنز آمیز لہجے میں سوال کیا ہے کہ وزیر موصوف کے بیان سے ترغیب لیکرمشرق وسطیٰ کے مسلم ممالک کوبھی اپنے یہاں بسے ہوئے غیر مسلموں (ہندوئوں)سے بھی اسی طرح کا برتائو کرنا چاہیے جیسا کہ ہندوستان میں مسلمانوں کے ساتھ کیا جا رہا ہے ،اور ان ممالک کو ہندوستانی غیر مسلموں کے لیے ایسی ہی جنت بنا دیاجانا چاہیے۔ آخر میں الغریرہ نے سوال کیا ہے کہ کیا آپ یعنی ہندوستانی وزیر موصوف اس سے متفق ہیں۔عرب شیخ کے اس چبھتے ہوئے اور طنزیہ سوال کا کوئی جواب ابھی تک نہیں دیا گیا ہے۔اس لیے کہ حقیقت کیا ہے یہ ظلم کرنے والوں کو بھی پتہ ہے۔دنیا بھی یہ بات بخوبی جانتی ہے کہ فرقہ پرست طاقتیں کس طرح ہندوستان کے سماجی تانے بانے کو تباہ کر رہی ہیں اور ایک خاص فرقے کی نسل کشی کے لیے ماحول تیار کیا جا رہا ہے۔یہی سبب ہے کہ عرب ممالک کے سخت رد عمل کے باوجود زمینی سطح پر ایسی کوئی تبدیلی نظر نہیں آتی کہ جس کی بنا پر یہ کہا جا سکے کہ ہندوستان کے مسلمانوں کو نشانہ بنانے والوں نے عقل کے ناخن لے لیے ہیں اور ملک کے قانونی و آئینی ادارے اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کو انصاف مہیا کرانے کے لیے نیک نیتی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔اسی کا نتیجہ ہے کہ اقلیتوں کے خلاف زہرپھیلانے، انھیں سماج میں الگ تھلگ کرنے اور کورونا کے بہانے انھیں مشق ستم بنانے و نفرت پھیلانے کا کھیل اب بھی جاری ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here