ذکی نور عظیم ندوی
مکارم نگر،لکھنؤ
رمضان کا مہینہ بے شمار عظمت واحترام کا مہینہ ہے، اسی میں قرآن نازل ہوا، اسی میں لیلۃ القدرہے، اسی کے آخری عشرہ میں اعتکاف ہے، اس مہینہ میں دن کا روزہ فرض اور رات میں قیام اللیل مطلوب ومؤکد کردیا گیا، اعمال صالحہ کی طرف رغبت دلانے اور برے اعمال سے بچنے کے لئے فرشتے متعین کئے گئے، نیکیوں کے اجر و ثواب میں اضافہ اور دعاؤوں کی قبولیت کے مواقع دئے گئے۔ روزہ بندے اور رب کا نجی اور ذاتی معاملہ ہے اس میں کوئی رکاوٹ نہیں، بندہ اس کو اخلاص کے ساتھ رب کو راضی وخوش کرنے کاذریعہ بنائے۔ لیکن موجودہ کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے بعد مسجدوں میں باجماعت تراویح اور ختم قرآن عوامی جگہوں اور مساجد میں ممکن نہیں رہا، تو اس میں تشویش اور پریشانی کی ضرورت نہیں کیونکہ نبی ؐ نے بعض خدشات کی وجہ سے صرف تین دن باجماعت تراویح پڑھی، اسی کی پیروی میں حضرت ابوبکر کے پورے عہد اور حضرت عمر کے زمانہ میں کافی دنوں تک لوگ مسجد میں بھی تنہا انفرادی تراویح ہی پڑھتے رہے۔ہاں معقول خدشات ختم ہونے کے بعد سے آج تک تراویح میں امت کا معمول مساجد میں باجماعت اور زیادہ تر قرآن ختم کا رہا۔ لیکن حالیہ دنوں کرونا وائرس جیسے متعدی اور لاعلاج مرض ،اس کی وجہ سے نافذ لاک ڈاؤن، اس میں حکومت کی طرف سے کی جانے والی سختی، مسلمانوں کے خلاف بڑھتی سازش،ان کی عمومی بد نامی اور کردار کشی جیسی وجوہات کی وجہ سے اگر جماعت ممکن نہ ہو تو شریعت میں ملنے والی رعایت پر عمل آوری اور مصیبت مول نا لینا ہی مناسب معلوم ہوتا ہے۔ گھر میں یا انفرادی تراویح میں ختم قرآن نا ہونے میں شریعت کی کوئی خلاف ورزی نہیں کیونکہ تراویح میں ختم قرآن کا نبی اکرم۔صحابہ یا تابعین سے کوئی ثبوت نہیں ہے۔ یقینا بعد میں اکثر مسجدوں میں قرآن سے وابستہ بعض مصالح کے پیش نظر ایسا ہونے لگا۔
اسی طرح جن لوگوں کو تراویح میں ضروری سورتیں بھی یاد نہیں تو وہ چند یادکردہ سورتوں کو مختلف رکعتوں میں دوبارہ یا حضرت عائشہ رضی اللہ تعالی عنہا کے غلام حضرت ذکوان کی طرح قرآن سے، یا موبائیل سیدیکھ کر بھی پڑھ سکتے ہیں، جب کہ امام زہری نے بھی کہا کہ ایسا وہ لوگ (صحابہ کرام) کرتے تھے جو ہم سے بہتر تھے۔ اور دین آسانی کا نام ہے، اس میں ملنے والی رعایت سے فائدہ اٹھانا اللہ کو پسند بھی ہے، وقت کی ضرورت بھی اور خود اسلام اور مسلمانوں کے عمومی مفاد اور مصلحت کا تقاضہ بھی۔انفرادی طور پر تراویح کی ادائیگی میں زیادہ رکعتوں کی وجہ سے بھولنے کے خدشہ اور خشوع میں کمی کو تراویح کی رکعتوں میں وقفہ کرکے دور کیا جاسکتا ہے۔کیونکہ قیام اللیل کو تراویح کا نام دینے کی وجہ یہی ہے کہ اس کو بیچ میں وقفہ کرکے آرام سے کئی شفٹوں میں ادا کرنا ثابت ہے۔اللہ تعالیٰ سب کو رمضان کی قدر کرنے، روزہ، قیام اللیل اور دیگر تمام اعمال صالحہ کی توفیق عطا فرمائے۔

