لکھنؤ:14اپریل(زمینی سچ) اترپردیش میں گذشتہ 24گھنٹوں میں تقریبا 100 نئے مریضوں کی شناخت کے بعد ریاست میں کووڈ۔19 متاثرہ مصدقہ مریضوں کی مجموعی تعداد تقریبا 657 ہوگئی۔جبکہ منگل کو تین اموات کے ساتھ ریاست میں مہلوکین کی تعداد بڑھ کر 8ہوگئی ۔وہیں مجموعی متاثرین میں سے ابھی تک 49 افراد مکمل شفایا ب ہوکر اپنے گھروں کو جاچکے ہیں جبکہ پیلی بھیت میں دو کیسز کی تصدیق کے بعد اب دونوں مریض صحت یاب ہوچکے ہیں اور پیلی بھیت میں کسی بھی نئے کیسیز کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔اس طرح ریاست میں ایک ضلع متاثرہ ہونے کے بعد اب دوبارہ متاثرہ اضلاع کی فہرست سے نکل کر غیر متاثرہ اضلاع کی فہرست میں شامل ہوگیا ہے۔
ریاست کے پرنسپل سکریٹری( صحت) امت موہن پرساد نے منگل کو بتایا کہ ریاست میں کورونا متاثرین کی تعداد میں اچانک اضافہ ٹیسٹ سہولیت میں توسیع اور پہلے سے التوار میں پڑے جانچ نمونوں کی رپورٹ آنے ککی سبب ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیر کو ریاست میں ہمارے لیبوں نے تقریا 2643 نمونوں کی جانچ کی جو کو ابھی تک سب سے زیادہ ہے۔اس وقت تک ریاست میں تقریبا 16000 نمونوں کی جانچ کی جاچکی ہے جن میں سے 657افراد کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔مسٹر پرساد نے دعوی کیا کہ لاک ڈاؤن اترپردیش جیسے کثیر آبادی والے صوبہ کے لئے مکمل طور سے معاون رہا ہے۔22کروڑ سے زیادہ آبادی رکھنے والی ریاست میں مذکورہ مثبت کیسز کوئی خاص زیادہ نہیں ہیں۔ہم متاثرہ علاقوں کی تعداد کم کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں اور وائرس کو روکنے کے لئے ہر اقدام کررہے ہیں۔ انتظامیہ کے اہلکارزیادہ سے زیادہ سینیٹائزیشن کا کام کررہے ہیں ۔مثبت کیس کی تصدیق کے بعد تین کلو میٹر کے دائر ے کے رقبے میں گھر گھر جاکر چیکنگ کی جارہی ہے اور “بفر زون” کے طور پر نشان زد کئے گئے علاقوں کے دو کلو میٹر کے آس پاس کے علاقوں میں جانچ کی جارہی ہے۔
طبی افسران نے بتایا کہ حکومت نے شیلٹر ہومس میں 14 دنوں کی قرنطینہ کی مدت پوری کر چکے افراد کو گھر بھیجنےکا فیصلہ کیا ہے ۔لیکن گھر پہنچ کر انہیں گھروں کے اندر 14مزید دنوں کے لئے قرنطینہ میں رہنا ہوگا اور حکومت ان پر نظر رکھے گی تاکہ وہ ہدایات کی خلاف ورزی نہ کریں۔انہوں نے بتایا کہ ریاست میں تقریبا 1.20 لاکھ افراد مختلف شلٹر ہومس میں قیام پذیر ہیں۔ان میں سے جن لوگوں نے 14دنوں کا قرنطینہ پورا کرلیا ہے اور اگر وہ ریاست ہی کے رہنے والے ہیں تو انہیں ان کے گھر بھیج دیا جائے لیکن اگر وہ بیرون ریاست کے ہیں تو اپنے وطن جانے کے لئے انہیں لاک ڈاؤن کے ختم ہوجانے تک انتظار کرنا ہوگا ۔بیرون ممالک سے آنے والے تقریبا 71917 افراد جو کہ حکومت کی نگرانی میں تھے انہوں نے اپنا 28 دنوں کا قرنطینہ پورا کرلیا۔مسٹر پرساد نے کہا کہ 9274 افراد جن میں کورونا وائرس کے علامات ہیں یا جو کسی کورونا وائرس سے متاثرہ شخص کے رابطے میں آئے ہیں انہیں ادارہ جاتی قرنطینہمیں رکھا گیا ہےاور ان کی جانچ کی جائےگی۔

