نئی دہلی، 14 اپریل: کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی نے منگل کو ایک اپیل جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہم تمام لوگ متحد ہو کر ہی کورونا وائرس کو ہرا سکتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس بحران کے دوران تمام ملک کے باشندے اپنے اپنے گھروں میں محفوظ ہوں گے اور لاک ڈاؤن کا مکمل طور پر عمل کر رہے ہوں گے۔ کانگریس صدر نے کوروناکے غضب کے درمیان لوگوں کے امن، صبر و تحمل اوراحتیاط برقرار رکھنے کے لئے بھی ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہااس بحران میں آپ ہی میں سے بہت سے لوگ سرکاری اورغیرسرکاری سطح پر انفرادی اور اجتماعی کوشش کر رہے ہیں۔مختلف طرح سے لوگوں کی خدمت کررہے ہیں ۔کوئی لوگوں کو کھانا کھلا رہا ہے، کوئی ماسک تقسیم کر رہا ہے، کوئی سینیٹائزر بانٹ رہا ہے تو کوئی غریبوں تک خشک راشن پہنچا رہا ہے۔مطلب ہر ہندوستانی کوروناسے اس جنگ کو جیتنے میں متحد ہوکر اپنی ذمہ داری ادا کر رہا ہے۔سبھی لوگ شکریہ کے مستحق ہیں۔

