ملک میں کورونا وائرس کے ساتھ فرقہ پرستی کے وائرس کا پھیلنا انتہائی خطرناک

0

کلکتہ13اپریل:مغربی بنگال سی پی ایم کے جنرل سیکریٹری سوریہ کانت مشرا نے ملک بھر میں کورنا وائرس کے ساتھ فرقہ پرستی کے وائرس میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب پوری دنیا کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑرہی ہے تو دوسری طرف ملک میں جان بوجھ کر ملک بھر میں فرقہ واریت کو ہوا دی جارہی ہے۔
ڈاکٹر سوریہ کانت مشرا نے کہا کہ مرکز نظام الدین میں سیکڑوں افراد کا لاک ڈاؤن کے باوجود مسجد میں بند رہ جانے کی ذمہ داری سے مرکزی وزارت داخلہ بچ نہیں سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کئی ایسے سوالات ہیں جس کا جواب دینا ضروری ہے مگر اہم سوالوں کا جواب دینے کے بجائے ملک بھر میں فرقہ پرستی کا زہر پھیلایا جارہا ہے اور اس کے نام پر فیک نیوز بھی بڑے پیمانے پر چل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے لڑنے کیلئے لاک ڈاؤن نافذ کرنا ناگزیر تھا مگر جس طریقے سے ملک بھر میں کورونا وائرس نافذ کیا گیا ہے اس سے بہت سے لوگ پھنس گئے اور اس کی وجہ سے بہت سے لوگوں کے سامنے زندگی کا مسئلہ پیدا ہوگیا۔
سوریہ کانت مشرا نے کہا کہ ممتا بنرجی دعویٰ کررہی ہے کہ بنگال میں کورونا وائرس قابو میں ہیں مگر ریاست میں بہت ہی معمولی پیمانے پر ٹسٹ ہورہے ہیں۔اس لئے ریاست میں صحیح صورت حال سامنے نہیں آرہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جومعلومات فراہم کی جارہی ہے اس میں بہت ہی تضاد ہے۔انہو ں نے کہا کہ لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کئے جانے کے ساتھ بڑے پیمانے پر کورونا وائرس کی جانچ کی ضرورت ہے۔
یونیورسٹی آف مشی گن کے پروفیسر برہما مکھرجی کی نگرانی میں ایک مطالعہ شائع ہوا ہے جس کے مطابق اگر اگلے دو ہفتے تک لاک ڈاؤن نافد رہا تو ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں نمایاں کمی آئے گی۔ماہرین کے مطابق اگر ایک مہینے کے عرصے تک لاک ڈاؤن نافذ کیا جاتا ہے تو صورت حال قابو میں آجائے گا۔جان ہاپکنز یونیورسٹی کی اسسٹنٹ پروفیسر دیباشری رائے نے کہا ہے کہ ہندوستان کے بہت سے علاقوں میں لاک ڈاؤن سنجیدگی سے نافذ نہیں کیا گیا ہے۔اس لئے ضرورت اس بات کی ہے کہ لاک ڈاؤن میں توسیع کے ساتھ اس پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے۔
خیال رہے کہ مغربی بنگال میں کورونا وائرس سے 7افراد کی موت ہوگئی ہے۔بنگال حکومت نے لاک ڈاؤن کی مدت میں توسیع کرنے کے ساتھ باہر نکلنے پر ماسک پہننا لازمی قرار دیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here