سراج نقوی
یو۔کے میں رہنے والے نوین بھارتی کی ایک فیس بک پوسٹ نے راقم کو اندر تک جھنجوڑ دیا ہے۔نوین بھارتی کرناٹک کے شہر میسور کے رہنے والے ہیں۔۸ اپریل کو اپنی فیس بک وال پر ڈالی گئی ایک پوسٹ میں نوین بھارتی نے ایک بیحد تکلیف دہ واقعہ کا ذکر کیا ہے۔نوین نے لکھا ہے کہ ان کے ہندوستان میں ہی رہ رہے ان کے والدین گھر کے قریب ہی ایک سپر مارکیٹ سے برسوں سے سبزیاں وغیرہ خریدتے ہیں ۔یہ مارکیٹ ایک ملیالی مسلمان کی ہے اور وہ ایک قابل بھروسہ شخص ہے۔نوین کے مطابق ایک روز قبل ان کے والد کو وہاٹس ایپ پر ایک پیغام فارورڈ کیا گیا پیغام موصول ہوا جس میںکہا گیا تھا کہ وہ مذکورہ سبزی والے سے سبزیاں نہ خریدیں کیونکہ دکان مالک کرونا سے متاثرہے اور اس کے یہاں کی سبزیاںبھی انفیکشن والی ہیں۔نوین کے والد نے پیغام فارورڈ کرنے والے کو فون کرکے اس سے خبر کے ذرائع کے بارے میں دریافت کیاتو اس نے بتایا کہ اسے کسی اور شخص نے یہ پیغام ارسال کیا تھا۔نوین کے والد کو یہ اندازہ ہو گیا کہ یہ محض ایک پروپگنڈہ ہے اور انھوں نے علاقے کے ڈپٹی کمشنر سے اس معاملے میں شکایت کی۔ڈپٹی کمشنر نے نوین کے والد کو بتایا کہ یہ خبر پوری طرح فرضی ہے۔نوین اپنی اس پوسٹ میں آگے لکھتے ہیں کہ انھیں نہیں علم کہ کرونا وائرس ہندوستانی سماج پر کیا اثر ڈالے گا،لیکن ناگپور سے پھیلنے والا فرقہ وارانہ وائرس سماج کو ناقابل تلافی نقصان پہنچائیگا۔نوین نے اپنے درد اور کرب کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی لکھا ہے کہ وہ خود کو لاچار اور depressedمحسوس کرتے ہیں۔
نوین بھارتی نے اپنی مذکورہ پوسٹ میں جس درد کا اظہار کیا ہے وہ صرف ان کا درد نہیں ہے بلکہ اس ملک کے بیشتر عوام کا ہے۔یہ درد مسلمانوں یا ہندوستان کی دیگر اقلیتوں سے بھی کچھ زیادہ ان سیکولر اقلیتی طبقے کے افراد کا بھی ہے کہ جو کسی نہ کسی سبب سے فرقہ پرست عناصر سے اتنی شدّت سے نہیں لڑ پا رہے کہ جس کی اس وقت ضرورت ہے،لیکن جو ناگپور کے اشارے پر جاری اس زہر افشانی کی خطرناک مہم کے ممکنہ بھیانک نتائج سے خوف اور اندیشوں کے شکار ہیں۔فرقہ وارانہ نفرت کے اس ایجنڈے سے کرونا سے لڑنے کی ہماری مہم کو کتنا نقصان پہنچ سکتا ہے اس کا اندازہ فی الحال لگانا مشکل ہے،لیکن اس جنگ میں بھی ’اسلاموفوبیا‘ کے بڑھتے ہوئے وائرس نے ملک کی اقلیتوں کے لیے نئے مسائل پیدا کر دیے ہیں۔’اسلاموفوبیا‘کے اس وائرس کو پھیلانے کے لیے جس طرح نظام الدین کے تبلیغی مرکز کے نام کا استعمال کیا گیا اسے یہاں دوہرانے کی ضرورت نہیں۔البتہ اس معاملے میں میڈیا نے بے لگام ہو کر جس طرح جھوٹی خبریں پھیلائیں اس کے سبب کئی ریاستوں کو بھی مجبوری اور دبائو میں کئی چہیتے چینلوں پر تھوڑی بہت سختی کرنی پڑی۔
اتر پردیش میں گذشتہ ایک ہفتے کے دوران میڈیانے مبینہ طور پر جماعت کے لوگوںکے تعلق سے جس طرح کی افواہیں اڑائیں وہ انتہائی شرمناک اور سماج کو فرقہ وارانہ منافرت کی آگ میںجھونکنے کی کوشش کے سوا اور کچھ نہیں۔ان کوششوں یا سازشوں پر جب عالمی سطح پر بھی تنقید کا سلسلہ شروع ہوا تو اترپردیش انتظامیہ بھی حرکت میں آئی اور ۸ اپریل کو ایک پریس ریلیز جاری کرکے بتایا گیا کہ گذشتہ ۲۴گھنٹے میں فیک نیوز کے ۱۱ معاملے اس کے سامنے آئے جن میں سے کئی کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی،کئی معاملوں میں پوسٹ یا خبر کو ڈیلیٹ کرنے کے لیے کہا گیا۔ان خبروں میں تبلیغی جماعت والوں کے ذریعہ اسپتال انتظامیہ سے کھانے میں بریانی مانگنے،اسپتال کے اسٹاف پرتھوکنے ،اسپتال میں برہنہ ہوکر گھومنے اور ڈاکٹروں و نرسوں سے مار پیٹ کرنے جیسی بے بنیاد خبریںبھی شامل ہیں۔وزیر اعلیٰ یوگی نے جب ریاست کے علماء سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ بات کی تو ان میں سے بھی بیشتر نے ان سے میڈیا کے رویے کے بارے میں شکایت کی۔بہار میں ایک اعلیٰ پولیس افسر نے خود یہ اعتراف کیا ہے کہ تبلیغی جماعت کے تعلق سے بہت سی افواہیں ہیں،اور ان سے سماج میں آپسی بھید بھائو بڑھتا ہے۔دلّی میں ریاستی اقلیتی کمیشن کے چیئر مین ڈاکٹر ظفرالاسلام نے دلّی حکومت کو خط لکھ کرسوال کیا ہے کہ ’حکومت کی طرف سے پریس بریفنگ میںتبلیغی جماعت کے نظام الدین مرکز سے متعلق مریضوں کی الگ گنتی کیوں بتائی جا رہی ہے۔کمیشن نے حکومت سے مذہب کی بنیا پرد مریضوں کی تقسیم نہ کرنے کے لیے کہا ہے۔یہ واقعی حیرت اور اس سے بھی زیادہ افسوس کی بات ہے کہ مرکزی حکومت کی وزارت صحت بھی جب کرونا کے تعلق سے پریس بریفنگ کرتی ہے تو اس میں وزارت کے ترجمان وضاحت کے ساتھ یہ بتاتے ہیں کہ دلّی میں کرونا کے مجموعی مریضوں میں تبلیغی جماعت سے وابستہ مریضوں کی تعداد کتنی ہے۔یہی رویہ دلّی حکومت کا بھی ہے۔سوال یہ ہے کہ خبروں کی اس طرح کی پیشکش کا مقصد کیا ہے اور اس سے کسے فائدہ ہے؟سچ یہ ہے کہ اس طرح کا رویہ اسلامو فوبیا کی ہی ایک شکل ہے جو یقیناً ہمارے ملک کے لیے زیادہ مہلک ہے۔ ان تمام حالات نے عالمی میڈیا اور اداروں کو بھی ہندوستان کی طرف متوجہ کیا ہے۔ڈبلیو ایچ او اور اقوام متحدہ نے بھی کرونا کے معاملوں کو مذہبی رنگ نہ دینے کے لیے کہا ہے۔شائد اسی کا اثر ہے کہ بی جے پی صدر جے پی نڈا کو بھی کہنا پڑا کہ کورونا معاملے میں تبلیغی جماعت پر الزام نہ لگائیں۔حالانکہ خود وزیر اعظم نریندر مودی یا ان کے دست راست اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اس معاملے میں ابھی تک لب کشائی کی زحمت نہیں کی ہے۔اس خاموشی کو رضامندی بھلے ہی نہ کہا جا سکے لیکن اس پر سوالیہ نشان لگنا بہرحال حق بجانب ہے اور ملک سے باہر باقی دنیا میں یہ سوال کیے بھی جا رہے ہیں۔بدقسمتی سے ہمارا میڈیا اب اس لائق ہی نہیں رہ گیا ہے کہ وہ حکومت سے کسی بھی اہم مسئلے پر سوال کر سکے۔البتہ جمیعت العلماء ہند نے اس معاملے میںمیڈیا کے خلاف عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔حالانکہ یہ کہنا مشکل ہے کہ موجودہ حالات میںعدلیہ میڈیا کی بے لگامی پر لگام لگا پائیگی یا نہیں۔اس لیے کہ میدیا کی یہ بے لگامی ان طاقتوں کے اشارے پر ہے کہ جنھیں نوین بھارتی نے اپنی پوسٹ میں ’ناگپور‘سے جوڑا ہے ۔کہنے کی ضرورت نہیں کہ اس وقت طاقت کا سب سے بڑا مرکز یہ ’ناگپور‘ہی ہے اور میڈیا جسے ’نیکر میڈیا‘بھی کہا جا سکتا ہے وہ اس کی گرفت میں ہے۔بہرحال یہ ایک المیہ ہے کہ مصیبت کی اس گھڑی میں بھی ملک کو فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کرنے اور اس طرح مستقبل میں حصول اقتدار کی راہیں ہموار کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔اسلامو فوبیا کے زیر اثر ملک کی ایک بڑی آبادی کو کرونا کے بہانے کنارے کرنے کی کوشش کی جا رہی۔ان سے کاروبار نہ کرنے،ان سے فاصلہ بنانے کے لیے لوگوں سے کہا جا رہا ہے۔ملک کی راجدھانی تک میں میں انھیں زد و کوب کیا جا رہا ہے،لیکن ہمارے ’راشٹر بھکت میڈیا‘ کو یہ سب نظر نہیں آتا۔اس لیے کہ ناگپور سے انھیں فراہم کرائے گئے فرقہ وارانہ منافرت کے چشمے میں یہ صلاحیت ہی نہیں ہے کہ انھیں سچ دکھا سکے۔

