لکھنؤ:08اپریل(زمینی سچ) اترپردیش میں لاک ڈاون کی مدت میں اضافہ کی چہ میگوئیوں کے درمیان اترپردیش حکومت نے کورونا وائرس کے بڑھتے خطرات کو دیکھتے ہوئے ریاست کے 15اضلاع کے ان علاقوں کو پوری طرح سے سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جہاں کووڈ۔19 کے متاثرین سب سے زیادہ ہیں۔اڈیشنل چیف سکریٹری(داخلہ)اونیش اوستھی نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ 15اضلاع کے ان علاقوں کو ہی سیل کیا جائے جو کورونا وائرس کے ’ہاٹ اسپاٹ‘بن چکے ہیں۔ پورا ضلع قطعی نہیں سیل کیا جائےگا۔اس دوران سیل کئےگئے علاقوں میں بھی کسی بھی قسم کی طبی و اجناس ضروریہ کی کوئی کمی نہیں ہونے دی جائےگی۔اڈیشنل چیف سکریٹری نے بتایا کہ آگرہ میں 22،لکھنؤ میں 8بڑے اور 4چھوٹے،غازی آباد میں 13، گوتم بدھ نگر میں 12،کانپور میں 12، وارانسی میں 4، شاملی میں 3، میرٹھ میں 7، بریلی میں1، بلند شہر میں3، بستی میں 3، فیروزآباد میں3،مہاراج گنج میں4، سیتاپور میں1 ہاٹ اسپاٹ کی نشاندہی کی گئی ہے۔ان علاقوں کو مکمل طور سے سیل کردیا جائےگا۔

