لکھنؤ:04اپریل(زمینی سچ) کورونا وائرس کے روزافزوں بڑھتے مریضوں کے درمیان ریاست میں کووڈ۔19 متاثرین کی مجموعی تعداد 227 ہوگئی ہے جن میں سے 94افراد تبلیغی جماعت کے مرکز نظام الدین میں منعقد جلسے میں شرکت کرنے والے بتائے جارہے ہیں۔ریاست میں سنیچر تک 21افراد مکمل طور سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق تبلیغی جماعت کے پروگرام میں شرکت کرنے والوں میں جانچ میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد ریاستی حکومت نے وہاں سے شرکت کرکے واپس لوٹنے والوں کی تلاشی مہم تیز کردی ہے حکومت کے دعوے کے مطابق ابھی تک تقریبا 1302 افراد کی شناخت کی گئی ہے جن میں سے 1000 افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔
ایک دعوے کے مطابق سب سے زیادہ 307 افراد کی شناخت میرٹھ میں ہوئی ہے علاوہ بریں وارانسی سے 242،گورکھپور سے 230،بریلی سے 148،آگرہ سے 115، لکھنؤ سے 83،گوتم بدھ نگر سے 70،پریاگ راج سے 51 اور کانپور سے 37 افراد کی شناخت کی گئی ہے۔ساتھ ہی 306 بیرونی افراد کی بھی نشاندہی کی گئی ہے جن کے بارے میں دعوی ہے کہ یا تو انہوں نے مرکز میں منعقد اجتماع میں شرکت کی ہے یا پھر وہ کافی دنوں سے جماعت پر نکلے ہوئے ہیں۔ جن میں سے 169 افراد میرٹھ میں ہیں۔پولیس نے اس ضمن میں 36ایف آئی آر درج کئے ہیں اور تقریبا 228 بیرونی شہریوں کے پاسپورٹ ضبط کر کے سیز کردیا ہے۔
وہیں دوسری جانب کورونا وائرس سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر کے لئے مزید جارحانہ حکمت عملی اپنانے اور اسے برتنے کے لئے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اتوار کی شام پانچ بجے مذہبی رہنماؤں کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے۔وزیر اعلی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ریاست کے تمام اضلاع سے تقریبا 990 مذہبی رہنماوں سے تبادلہ خیال کریں گے۔آج وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اراکین اسمبلی کے ساتھ آج اس طرح کی ایک ویڈیو کانفرنسنگ میں ان سے اس موضوع پر تبادلہ خیال کیا۔
اڈیشنل چیف سکریٹری (داخلہ) اور پرنسپل سکریٹری (صحت)امت موہن پرساد نے میڈیا نمائندوںکوبتایا کہ اس وقت تقریبا 3029 افراد کو مختلف اسپتال میں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے جبکہ کسی بھی قسم کے بیرون سفر سے واپس لوٹے 57963 افراد میں سے 41596 افراد 28دنوں کے قرنطینہ کی مدت کو مکمل کرچکے ہیں۔
افسران نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران ریاست میں ملک کے دیگر صوبوں سے لوٹنے والے 358414افراد دیہی علاقوں میں قرنطینہ میں ہیں جبکہ اس طرح کے 24100افراد شہری علاقوں میں قرنطینہ میں ہیں۔ریاست میں مجموعی طور سے 2231شلٹر ہومس ہیں جن میں 80241 افراد قیام کررہے ہیں۔
