پٹنہ ، 3 اپریل :جے ڈی یو لیڈر اور ایم ایل سی ڈاکٹر خالد انور نے اپنے پریس اعلانیہ میں کہا کہ تبلیغی جماعت کے خلاف دہلی کی کجریوال حکومت کا رویہ افسوسناک اورقابل مذمت ہے ۔
مسٹر خالد نے کہاکہ مرکز سے جڑے افراد کے خلاف جس قسم کی نازیبا زبان کا استعمال کیا جارہا ہے اسے کسی بھی طرح جائز نہیں کہا جا سکتا۔مرکز میں ہونے والے اجتماع سے کورونا وائرس کا پھیلاؤ ایک انسانی بھول ہے جسے مذہبی عصبیت کے ساتھ نفرت پھیلانے کے لئے استعمال کیا جارہا ہے ۔ یہ کورونا سے ہماری مشترکہ لڑائی کو کمزور کرے گا۔ اور سماج کے ایک طبقہ میں خوف و ہراس پیدا کرے گا ۔
مسٹر انور نے مرکز سے متعلق افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ انتظامیہ کا تعاون کریں اور اگر انہیں قرنطینہ میں رہنے کے لئے کہا جارہا ہے تو اس کا اہتمام کریں۔ ڈاکٹروں کی رائے اگر کورونا وائرس جانچ کرانے کی ہو تو اس کے لئے بھی آگے آئیں ،یہ سماج کے حق میں ہے ۔ مسٹر انور نے کہا کہ تبلیغ سے جڑے لوگوں کے خلاف نفرت انگیز بیان بازی کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ڈاکٹر خالد انور نے کہاکہ اچانک لاک ڈاؤن کے سبب ملک کے لاکھوں افراد کوسخت مسائل کا سامنا ہے۔ وزیر اعظم کی اپیل کے بعد جو لوگ جہاں تھے وہیں رہ گئے۔ایسے میں تبلیغی مرکز میں بھی جو لوگ تھے خود کو وہیں محصور کر لیا۔لیکن کچھ میڈیا اور متعصب لیڈروں نے انہیں مشتبہ قرار دینے میں اپنی پوری توانائی صرف کر دی اور ان کے خلاف طرح طرح کا پروپیگنڈہ شروع کر دیا ۔اس معاملے میںدہلی حکومت کی منشا بھی صاف نظر آتی ہے۔ کجریوال حکومت کورونا کے خلاف لڑائی سے زیادہ تبلیغی جماعت کو بدنام کرنے پر زور دے رہی ہے ۔مسٹر انور نے کہا ہے کہ صحت کے اس سنگین بحران میں دہلی حکومت کو چاہئے تھا کہ وہ اس بیماری پر قابو پانے کے لئے نت نئے اقدام کرتی اور ان تمام لوگوں کی مدد کے لئے آگے آتی جنہیں لاک ڈاو ¿ن کی وجہ سے سخت مشکلات کا سامنا ہے۔نہ کہ تعصب اور نفرت کے وائرس کو ہوا دیتی۔انہوں نے کہا کہ ملک کے کچھ علاقوں سے رپورٹیں آ رہی ہیں کہ تبلیغی جماعت کے افراد کے ساتھ نازیبا سلوک کیا جا رہا ہے اور ان کے وقار کے ساتھ کھیلنے کی کوشش ہو رہی ہے ۔ اس عمل کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ڈاکٹر خالد انور نے کہا کہ جو افراد بھی بیرون ملک سے آئے ہیں یا کوئی ان کے رابطہ میں رہا ہے اس طرح جو لوگ بھی مرکز نظام الدین تشریف لے گئے تھے یا وہاں جانے والوں کے رابطہ میں بالواسطہ یا بلا واسطہ آئے ہیں انہیں اپنی شناخت خود کر کے صحت کے افسران کے رابطے میںآنا چاہئے ۔ ڈاکٹر انور نے کہاکہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے سخت ہدایت دی ہے کہ مریض یا مرض کے آثار رکھنے والوں کی تلاش میں بد تمیزی و بد سلوکی بر داشت نہیں کی جائےگی ۔ مسٹرانور نے بہار اور ملک کے تمام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتظامیہ کا بھر پور تعاون کریں۔ یہ سماج افراد اور ملک وانسانیت کے حق میں ہے۔

