لکھنؤ،30؍مارچ(زمینی سچ):ایڈیشنل چیف سکریٹری داخلہ اور اطلاعات اونیش کمار اوستھی نے بتایاکہ وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی ہدایت کے ضمن میں ریاست کے تمام اضلاع کے ضلع مجسٹریٹوں اور پولیس سپرنٹنڈنٹوں سے ضلع میں صد فیصد لاک ڈاؤن پر عمل آوری کو یقینی بنانے کی توقع کی گئی ہے۔ لاک ڈاؤن میں تساہلی پائے جانے پر سخت کارروائی کی جائیگی۔ انہوںنے بتایاکہ ریاست کے تمام اضلاع میں بنائے گئے قرنطینہ مراکز اور قرنطینہ کیے گئے افراد کی فہرست فراہم کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ تمام اضلاع کے ضلع مجسٹریٹوںکو یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ سبھی مشتبہ افراد کو صد فیصد قرنطینہ کیا جائے۔انہوںنے بتایاکہ وزیراعلیٰ کی سخت ہدایت ہے کہ ریاست میں کسی کو کھانے کی کمی نہیں ہونی چاہئے۔ انہوںنے بتایاکہ وزیراعلیٰ کے ذریعہ آج ریاست کے 27.15لاکھ منریگا مزدوروں کے اکاؤنٹ میں 611کروڑ روپئے کی رقم اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے توسط سے منتقل کی گئی ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے 5امیدواروں سے ویڈیو کال کے ذریعہ بات کر ان کی خیریت دریافت کی اور انہیں رقم ارسال کرنے کی اطلاع بھی دی۔ انہوںنے بتایاکہ وزیراعلیٰ نے وزیراعظم غریب بہبود منصوبہ کے تحے یکم اپریل سے مستفیدین کو تین مہینے کا مفت راشن دئے جانے کی اطلاع بھی دی۔ انہوںنے بتایاکہ سبھی ضلعوں میں کمیونٹی کچن بنانے اور پبلک ایڈریس سسٹم کو مزید موثر بنائے جانے کی ہدایت دی گئی ہے۔مسٹر اوستھی نے بتایاکہ ریاست کے بہتر طبّی خدمات کیلئے وزیراعلیٰ آج ازخود نوئیڈا گئے اور کل غازی آباد، میرٹھ، آگرہ کو بھی دورہ کریںگے۔انہوںنے بتایاکہ وزیراعلیٰ نے ازخود 18ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ سے بات کی اور مکتوب ارسال کر گزارش کی کہ اترپردیش کے جو بھی افراد ان کی یراست میں مقیم ہیں وہاں کا انتظامیہ انکو پورا تعاون دیں اور ان کا خیال رکھیں۔انہوںنے بتایاکہ وزیراعلیٰ نے دیگر ریاست میں پناہ گزین اترپردیش کے باشندوں سے اپیل کی کہ وہ جہاں ہیں، وہیں رہیں، مقامی انتظامیہ انکے گزربسر کا پورا خیال رکھے گی۔اس کے ساتھ ہی وزیراعلیٰ نے دیگر ریاست کیلئے بنائے گئے نوڈل افسران کے ساتھ میٹنگ کر ان سے متعلقہ ریاست کی معلومات حاصل کی اور انہیں ہدایت دی کہ سبھی فون کالس ضرور ریسیو کریں اور انکے مسئلہ کا جلد تصفیہ کریں۔
مسٹر اوستھی آج لوک بھون واقع میڈیا سینٹر میںمیڈیا نمائندوں کو خظاب کر رہے تھے۔ انہوںنے بتایاکہ اترپردیش بھون اور دیگر تعمیراتی مزدور بہبود بورڈ کے مزدور گزر-بسر منصوبہ کے تحت اب تک 8.20لاکھ عمارت تعمیراتی مزدوروں کے اکاؤنٹ میں ایک-ایک ہزار روپئے کی رقم آر ٹی جی ایس کے توسط سے منتقل کی گئی ہے۔ انہوںنے یہ بھی بتایاکہ وزیراعلیٰ نے ہدایت دی ہے کہ کووڈ سے بچاؤ پر عمل کرتے ہوئے اینٹ-بھٹّہ کا کام پہلے کی طرح جاری رکھا جائے۔
پریس کانفرینس کے دوارن پرنسپل سکریٹری صحت امت موہن پرساد نے بتایاکہ ابھی تک ریاست میں کورونا کے 88معاملے پازیٹیو پائے گئے ہیں، جس میں سے 14پوری طرح صحتیاب ہوکر ڈسچارج کیے جا چکے ہیں، باقی 74مریض متعدد اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ انہوںنے یہ بھی بتایاکہ ریاست میں 8ٹیسٹنگ لیب فعال ہیں، جن میں اب تک 2430سیمپل لئے گئے جن میں سے 2304سیمپل منفی؍نِگے ٹیو آئے ہیں۔ انہوںنے یہ بھی بتایاکہ ریاست میں اب تک محض 15ضلعوں میں ہی کورونا مثبت؍پازیٹیو مریض مل رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ دیگر ملک اورریاست سے آئے افراد کے سرویلانس پر فوکس ہے۔مسٹر پرساد نے بتایاکہ ریاست میں جو بھی مشتبہ افراد ہیں ان میں سے 780افراد کو فیسلٹی کوارنٹائین؍ قرنطینہ جبکہ 10000افراد کو ہوم کوارنٹائین؍قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

