گورکھپور: اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ جمعرات کو گورکھپور میں ساڑھے چار ہزار طلباء کو اسمارٹ فون اور ٹیبلیٹ کا تحفہ دیں گے اور ان کے روشن مستقبل کی خواہش کریں گے۔
سرکاری ذرائع نے منگل کو بتایا کہ گورکھپور میں رام گڑھتال کے سامنے واقع مہنت دگ وجے ناتھ پارک میں وزیر اعلیٰ، مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن اور وزیر مملکت برائے خزانہ پنکج چودھری کے ساتھ انکم ٹیکس محکمہ گورکھپور کی نئی تعمیر شدہ عمارت کا افتتاح کریں گے۔ اس کے بعد تین ہزار طلباء کو اسمارٹ فونز اور ڈیڑھ ہزارکو ٹیبلٹ تقسیم کیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ مسٹریوگی کی موجودگی میں گزشتہ 28 جنوری کو گورکھپور یونیورسٹی میں منعقدہ پروگرام میں ایک ہزار نوجوانوں کو اسمارٹ فون تقسیم کیے گئے تھے اور ایک بار پھر وہ 22 فروری کوساڑھے چار ہزار نوجوانوں میں اسمارٹ فون اور ٹیبلٹ تقسیم کرنے کی تقریب میں شرکت کریں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی اس اسکیم کے تحت گورکھپور میں اسکیم کے آغاز سال 2021.22 میں سے اب تک 78873 طلبہ وطالبات کو اسمارٹ فون تقسیم کیے جاچکے ہیں۔ وزیر اعلیٰ 21 فروری کو گورکھپور انڈسٹریل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (جی آئی ڈی اے) کی کالیسر رہائشی ٹاؤن شپ اسکیم کا بھی آغاز کریں گے، ساتھ ہی ان کے ہاتھوں ایس ڈی انٹرنیشنل کی تقریباً 230 کروڑ روپے کے سرمایہ کاری والی یونٹ پلاسٹک ری سائیکلنگ پلانٹ اور فوڈ پیکیجنگ کنٹینر یونٹ کا سنگ بنیاد اورجی ای ڈی اے کے 90 کروڑ روپے کی لاگت والے 18 ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد اور افتتاح بھی ہوگا۔ جی آئی ڈی اے سیکٹر 13 میں 42284 مربع میٹر میں بننے والی ایس ڈی انٹرنیشنل کی اس یونٹ سے تقریباً ساڑھے سات سو افراد کو روزگار ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ جی آئی ڈی اے کے جن ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا جائے گا ان میں انڈسٹریل کوریڈور سیکٹر 27 اور 28 میں 35 کروڑ روپے سے زائد کے 9 کام شامل ہیں۔ جبکہ جی آئی ڈی اے کے سیکٹر 11 میں 54 کروڑ روپے سے زائد کے نو کاموں کا سنگ بنیاد رکھا جانا ہے۔ یہ پروگرام گورکھپور کے کالیسر (گیڈا سیکٹر 13) میں منعقد ہوگا۔ جی آئی ڈی اے کے یوم تاسیس پر وزیر اعلیٰ نے 80 ایکڑ پر کالیسر کمرشل پروجیکٹ کا آغاز کیا تھا۔ اب 120 ایکڑ پر رہائشی منصوبہ شروع کیا جائے گا۔ جی آئی ڈی اے کو ہاؤسنگ اسکیم سے 650 کروڑ روپے کی ممکنہ آمدنی ہے۔ رہائشی منصوبے میں چھوٹے، درمیانے اور بڑے سائز کے پلاٹ ہوں گے۔

