جھابوا: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج مدھیہ پردیش میں حزب اختلاف کی اہم پارٹی کانگریس کی صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس پارٹی میں بھگدڑ کی صورتحال ہے۔
مسٹر مودی نے قبائلی اکثریتی جھابوا میں قبائلی کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس دوران انہوں نے 7.5 ہزار کروڑ روپے کی لاگت والے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا اور افتتاح کیا۔ یہ اسکیمیں سڑک، ریل، بجلی اور پانی کے شعبوں سے متعلق ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو، ریاستی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر وشنودت شرما اور دیگر عوامی نمائندے موجود تھے۔
جہاں ایک طرف مسٹر مودی نے کانگریس پر تنقید کی، وہیں دوسری جانب انہوں نے ریاستی کانگریس کی صورتحال پر طنز کرتے ہوئے کہا ’’میں نے سنا ہے کہ مدھیہ پردیش کانگریس میں بہت بھگڈر مچی ہوئی ہے۔ عوام کو نظر انداز کرنے والوں کا یہی حشر ہوتا ہے۔ کانگریس عوام کو نظر انداز کرنے کی دلدل میں پھنسی ہوئی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ریاست کی ڈبل انجن حکومت کام کر رہی ہے۔ آج افتتاح اور سنگ بنیاد رکھنے والی اسکیموں کے تناظر میں انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف جھابوا اور اس کے آس پاس کے اضلاع بلکہ پورے مدھیہ پردیش کی ترقی ہوگی۔ ریاست میں کانگریس کے دس سالہ دور حکومت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت ریاست بیمار ہوچکی تھی۔ لیکن بی جے پی حکومت نے اس ریاست کو ترقی دی اور اب یہاں بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر بہت تیزرفتاری سے کام ہو رہا ہے۔
ریاست میں ریلوے کے شعبے میں دیے جانے والے بجٹ کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ اب ریاست کو کانگریس کے دس سال کے دور حکومت کے مقابلے میں 24 گنا زیادہ بجٹ دیا جا رہا ہے۔ مودی کی گارنٹی ہے کہ ریاست میں مزید ترقی زیادہ تیزی سے کی جائے گی۔
اسمبلی انتخابات کے نتائج کے تناظر میں وزیر اعظم نے کہا کہ عوام نے کانگریس کو جو جواب دیا ہے وہ ’’بیاز کا جواب‘‘ ہے۔ کانگریس کا پورا حساب ابھی باقی ہے۔

