لکھنو، 12اپریل (زمینی سچ) اترپردیش میں گزشتہ 24گھنٹوں میں 20نئے معاملے آنے کے ساتھ ہی اتوار کو کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 472 ہوگئی ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ نئے معاملوں میں سب سے زیادہ آگرہ سے ہیں جہاں کورونا متاثرہ 12معاملے پائے گئے ہیں جبکہ میرٹھ اور سہارنپور میں چار چار لوگ کورونا پازیٹیو پائے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ریاست میں اب تک جان لیوا وائرس کی زد میں آجانے سے پانچ لوگوں کی موت ہوچکی ہے جبکہ 42مریض پوری طرح سے صحت مند ہوکر گھر واپس جاچکے ہیں۔سہارنپور میں ملے کورونا متاثرین میں انڈونیشیا کاایک شہری مہاراشٹر سے آیا تھا جبکہ ایک مغربی بنگال اور دو آسام کے ہیں۔ ریاست میں سب سے زیادہ متاثر آگرہ ہے جہاں اب تک مریضوں کی تعداد 104ہوچکی ہے۔ نئے 12معاملات میں سے آٹھ اسپتال سے متعلق ہیں اور دو لوگ ایسے ہیں جو تبلیغی جماعت سے منسلک ہیں۔ ایک 76سالہ خاتون کورونا متاثر کی شناخت اس کی موت کے بعد ہوئی ہے جبکہ ایک کے بارے میں معلومات جمع کی جاری ہیں۔
