نگروٹا انکاؤنٹر پرمودی کی اعلی سطح کی میٹنگ

0
6

نئی دہلی: جموں کے نگروٹا میں سکیورٹی فورس کے ساتھ شدید جھڑپ میں چار جنگجوؤں کی ہلاکت کے ایک روز بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے آج یہاں ایک اعلی سطح کی میٹنگ میں صورتحال کا جائزہ لیا۔
مڈبھیڑ کے بعد یہ اشارے ملے ہیں کہ دہشت گرد ممبئی حملے کی بارہویں برسی یعنی 26 نومبر کے موقع پر بڑے حملے کے فراق میں تھے۔
یہ اطلاع موصول ہونے کے بعد وزیر اعظم نے وزیر داخلہ امیت شاہ، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال اور سکریٹری خارجہ ہرش وردھن شرنگلا اور خفیہ ایجنسیوں اور دیگر اعلی عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ کی۔
مڈبھیڑ کے بعد کی تحقیقات میں انٹلیجنس ایجنسیوں کو معلوم ہوا ہے کہ دہشت گردوں کا تعلق جیش محمد سے تھا اور وہ ممبئی حملوں کی 12 ویں برسی سے قبل کسی بڑی واردات کو انجام دینے کی سازش کے حصے کے طور پر یہاں آیا تھا۔
میٹنگ کے بعد مسٹر مودی نے ٹویٹ کرکے سکیورٹی فورس کی ناقابل تسخیر جرات اور بہادری کی تعریف کرتے ہوئے دہشت گردوں کا منصوبہ ناکام کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ “ہماری فوج نے ناقابل یقین جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان کی چوکسی کے لئے ان کا شکریہ، انہوں نے جموں و کشمیر میں دھماکے کی گھنائونی سازش کو ناکام بنا دیا ہے”۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here