جمعیۃ علماءکی طرف سے لاک ڈاؤن کے بارہویں دن بھی لوگوں میں ضروری اشیاء پر مشتمل کٹ تقسیم

0
13

کانپور،5؍اپریل(زمینی سچ):جن علاقوں میں کچھ لوگ کورونا پازیٹو پائے گئے ہیں وہاں کے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے قاضی شہر کانپور مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی صدر جمعیۃ علماء اتر پردیش نے کہا کہ حکومت اور محکمہ صحت کے بتائے ہوئے دائرے میں رہنے والے لوگ اپنی اپنی جانچ خود سے کرا لیں، یہ ان کیلئے اوران کے خاندان ، دوستوں کیلئے بہتر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو سبھی لوگ یاد رکھیں کہ اگر آپ نے اپنے کو چھپایا اور آپ یا آپ کے گھر والے ، دوست ، احباب کسی مصیبت میں پڑے تو قانوناً بھی آپ مجرم ہوں گے اور شرعاً بھی آپ گنہگار ہوں گے۔ مولانا اسامہ نے اسپتالوں اور قرنطینہ میں داخل مریضوں سے اپیل کی کہ ڈاکٹروں کی ہدایات کو وہ مانیں ، صفائی، ستھرائی کا خاص خیال رکھیں، وہاں آپ شرعاً معذور ہیں، اس لئے اکیلے اکیلے نماز پڑھیں، باجماعت نماز پڑھنے اور ایک ساتھ کھانا کھانے سے اس موقع پر پرہیز کریں ۔ یہی ڈاکٹروں کی ہدایت ہے اور اس خاص موقع پر شریعت کا حکم ہے۔ ان خاص حالات میں باجماعت نماز پڑھنے اور ایک ساتھ کھانا کھانے کی ضد نہ کریںاور ایک ساتھ کھانا کھانے کی ضد کرکے اپنے کو ہلاکت میں نہ ڈالیں ۔ اسلامی شریعت کا ہر موقع کا حکم الگ ہے ، ان علماء و مفتیان کرام کی بات ماننے کا مزاج بنائیں جو شریعت کا صحیح علم رکھتے ہیں۔ اپنی بے احتیاطی و نادانی سے شریعت کا مذاق نہ بنوائیں۔ اس سے پہلے ضرورتمندوں کو ضروری اشیاء پر مشتمل راشن کٹ تقسیم کرنے کے سلسلہ کو جاری رکھتے ہوئے آج بھی اشرف آباد جاجمئو واقع جامع مسجد میں قاضی شہر کانپور مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی صدر جمعیۃ علماء اتر پردیش نے اونچا ٹیلہ، سنجے نگر، تاڑبغیہ، کیلاش نگر، تربھون کھیڑا، لکھا بازار، بڑھیا گھاٹ سے آئے کثیر تعداد میںضرورتمندوں کو آٹا ، چاول، دال، تیل، شکر، نمک، آلو، پیاز، چائے کی پتی، ہلدی وغیرہ 14کلو سے زائد ضروری اشیاء پر مشتمل کٹیں تقسیم کیا۔اس موقع پر مولانا محمد فرید الدین قاسمی ودیگر لوگ موجود رہے۔ جبکہ شہر واطراف شہر میں غلہ کی کٹ اور پکا ہوا کھانا و پانی کے پاؤچ کی تقسیم کا سلسلہ جاری رہا۔ مولانا اسامہ نے بتایا کہ اب تک تقریباً 500غیر مسلموں سمیت کئی ہزار لوگوں تک ضروری اشیاء کی کٹ و پکا کھانا تقسیم کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے حضرات اہل خیر سے پھر اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان کیلئے نیکیاں کماکردنیا و آخرت بنانے کا یہ بہترین موقع ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here